کراچی میں 22 مزدوروں کو شربت پلاکر بے ہوش کرکے لوٹ لیا گیا

مضر صحت شربت کی تیاری میں ملوث 2 ملزمان زیرحراست ، چار فرار


Staff Reporter June 13, 2022
مضر صحت شربت کی تیاری میں ملوث 2 ملزمان زیرحراست ، چار فرار

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قریب ریلوے گودام میں مضر صحت شربت پینے سے 22 مزدروں کی حالت غیرہوگئی۔

شربت کا سامان مزدا ٹرک کا ڈرائیور لایا تھا اور6 افراد نے ملکرشربت تیار کرکے مزدروں کو پلایا اور بیہوش ہونے کے بعد تمام مزدوروں کو لوٹ لیا گیا۔

شربت کی تیاری میں مبینہ طور پر ملوث 2 ملزمان کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا گیا ہے جبکہ چار ملزمان فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں ۔

ریلوے سٹی تھانے کی حدود میں واقع ٹاور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قریب کراچی بندرگاہ ریلوے گودام میں مضرصحت شربت پینے سے 22 افراد کی حالت غیرہوگئی جنہیں نیم بیہوشی کی حالت میں فوری طورپرایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

متاثرہ افراد کی شناخت 26 سالہ شان، 25 سالہ علی ،20 سالہ محمد علی ، 20 سالہ علی مراد ،29 سالہ صائم ،30 سالہ جعفرولد قمر،18 سالہ عرفان ،28 سالہ قاسم ،25 سالہ غلام قادر ،25 سالہ شوکت ،25 سالہ عرفان ،25 سالہ ارشد ،22 سالہ عبدالحمید ، 22 سالہ یارمحمد،27 سالہ کاشف ،27سالہ سراج ،20 سالہ فیصل ،35 سالہ میرزادہ ،30 سالہ خمیسہ ،21 سالہ امیر ،28 سالہ سردار اور 28 سالہ فیاض شامل ہیں۔

مزدور ریلوے گودام کے اندر اور باہر نیم بیہوشی کی حالت میں موجود تھے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔ تمام مزدور ریلوے گودام کے ارد گرد عارضی رہائش گاہوں میں مقیم ہیں اورمزدروں نے دعویٰ کیا ہے کہ رات گئے انہیں نشہ آورشربت پلایا گیا ہے جس کے بعد ان سے لوٹ مارکی گئی ہےاوران کے پاس موجود نقد رقم اورموبائل فونز سمیت دیگر قیمتی سامان چوری کرلیا گیا ۔

اس حوالے سے ریلوے سٹی پولیس نے بتایا کہ مزدوروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ گودام سے درآمد شدہ سامان بذریعہ ٹرین اندرون ملک بھجوایا جاتا ہے ۔ رات گئے 6 افراد نے ملکردودھ سوڈا تیارکیا تھا جن میں راشد ،پی ٹو،امیر بخش، ملنگی ،عارف اوراللہ دتہ شامل ہیں ۔


دودھ سوڈا بنانے کے لیے تمام سامان مزدا ٹرک ڈرائیورامیر بخش لایا تھا ۔ دودھ سوڈا بنانے کے بعد تمام مزدروں کو پلایا گیا جس کے بعد تمام مزدور بیہوش ہو گئے پھر ان سے لوٹ مار کی گئی ۔ ان کے پاس موجود نقد رقم اور موبائل فونزاور دیگر قیمتی سامان چوری کرلیا گیا۔


صبح واقعے کی اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس موقع پر پہنچی اور دودھ سوڈا بنانے میں مبینہ طور پرملوث 2 ملزمان عارف اوراللہ دتہ کو حراست میں لے کرتھانے منتقل کردیا گیا ۔ 4 ملزمان راشد ،پی ٹو، امیر بخش اورملنگی فرار ہوگئے ، جو اپنے ہی ملزمان ساتھیوں کی رقم اورموبائل فون بھی چوری کرگئے ۔ ریلوے پولیس واقعے کی باریک بینی سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں