ویمنز ون ڈے پاکستان کلین سوئپ کی خفت سے دوچار

بنگلہ دیش نے دوسرا میچ بھی 3 وکٹ سے اپنے نام کرلیا، ثنا میر کی شاندار بولنگ رائیگاں


Sports Desk March 07, 2014
بنگلہ دیش نے دوسرا میچ بھی 3 وکٹ سے اپنے نام کرلیا، ثنا میر کی شاندار بولنگ رائیگاں۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے ہاتھوں کلین سوئپ کی خفت سے دوچار ہوگئی، میزبان نے دوسرے ون ڈے میچ میں 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

ناکام ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 87 رنزبنائے، کپتان ثنامیر نے 4 وکٹیں اڑا کر میچ میں سنسنی پیدا کی لیکن 15 فاضل رنز کا تحفہ فتح کی راہ میں حائل ہوگیا۔ کوکس بازار میں مشکل وکٹ پر پاکستان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، دونوں اوپنرز کو پیسر لتا مونڈل نے صرف 15 کے اسکور پر پویلین بھیج دیا، کپتان ثنامیر اور نین عابدی نے چوتھی وکٹ کیلیے38 رنز جوڑ کر قابل قدر مجموعہ ترتیب دینے کی امیدیں جگائی، مگر دونوں کے آئوٹ ہونے کے بعد دیگر بیٹسویمنز آتی اور جاتی گئیں، اس دوران تین پلیئرز صفر کی خفت سے دوچار ہوئیں، 67 پر 7 پلیئرز کے آئوٹ ہونے کے بعد دیگر تین بیٹسویمنز بھی اسکور میں مزید 20 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے چلتی بنیں، ٹیم نے فتح کیلیے بنگلہ دیش کے سامنے صرف 88 رنز کا ہدف رکھا، شہلہ اختر نے انتہائی کفایتی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے8 اوورز میں13رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

لتا مونڈل اور پنا گوش نے2,2 پلیئرزکو آئوٹ کیا،آسان ہدف کا پیچھا کرنے والی میزبان سائیڈ کی پہلی وکٹ جلدگرنے کے بعد عائشہ رحمان(29) اور فرغانہ حق (18) نے37 رنز جوڑ کر ہدف کو قریب کردیا،ان دونوں کے آئوٹ ہونے کے بعد کپتان سلمیٰ خاتون بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئیں، اسکور جب برابری پر پہنچا تو یکے بعد دیگر 3 وکٹیں گرنے سے سنسنی پیدا ہوگئی مگر نزہت تسنیہا نے وننگ شاٹ کھیل کر مہمان کھلاڑیوں کے ارمان ٹھنڈے کردیے،کپتان ثنا میر نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 رنز کے بدلے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ میچ کے دوران گرین شرٹس بولرز نے15 فاضل رنز بھی دیے جس میں 13 وائیڈز بھی شامل تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں