نیمار کی یلغار نے جنوبی افریقہ کا حلیہ بگاڑ دیا

برازیل 5-0 سے کامیاب،اسٹار فٹبالر کی ہیٹ ٹرک ، اسپین نے اٹلی کو ایک گول سے ٹھکانے لگایا۔


Sports Desk/AFP March 07, 2014
برازیل 5-0 سے کامیاب،اسٹار فٹبالر کی ہیٹ ٹرک ، اسپین نے اٹلی کو ایک گول سے ٹھکانے لگایا،انگلینڈ نے ڈنمارک اور جرمنی نے چلی پر فتوحات پائیں۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ سے قبل دوستانہ فٹبال میچ میں نیمار کی یلغار نے جنوبی افریقہ کا حلیہ بگاڑ دیا، میگا ایونٹ کے میزبان ملک برازیل نے اپنے اسٹار فٹبالر کی ہیٹ ٹرک کی بدولت مقابلہ 5-0 سے جیت لیا۔

اسپین نے ہیوی ویٹ حریف اٹلی کو 1-0 سے ٹھکانے لگایا، پرتگال نے کیمرون کو 5-1 سے پچھاڑا، انگلینڈ نے ڈنمارک اور جرمنی نے چلی پر غیرمتاثر کن فتوحات پائیں، ارجنٹائن اور کولمبیا کے میچز ڈرا ہوئے، امریکا کو یوکرین کے ہاتھوں شکست کا سامنا برداشت کرنا پڑا، آسٹریلیا اور گھانا بھی ناکام رہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے آغاز میں 98 دن باقی رہ گئے، شریک ٹیمیں تیاریوں کو جانچنے اور کھلاڑیوں کے حتمی انتخاب کیلیے دوستانہ میچز کھیل رہی ہیں، گذشتہ روز سوویٹو میں جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں چیلسی کی جانب سے کھیلنے والے آسکر نے برازیل کیلیے 10 ویں منٹ میں کھاتا کھولا، بفانا بفانا کی عرفیت سے مشہور جنوبی افریقی ٹیم ابھی اس صدمے کو جھیل نہیں پائی تھی کہ بارسلونا کی نمائندگی کرنے والے نیمار نے ان پر چڑھائی کردی، انھوں نے پہلے ہاف میں ایک جبکہ وقفے کے بعد2گولز کیے، برازیل کی جانب سے پانچواں گول مانچسٹر سٹی کے فرنانڈینو نے کیا، یہ ورلڈ کپ کیلیے فیورٹ ٹیم کا 23 رکنی ٹیم کے اعلان سے قبل آخری وارم اپ مقابلہ تھا۔

اسکواڈ کا اعلان مئی میں ہوگا۔ ادھر میڈرڈ میں ورلڈ اور یورپیئن چیمپئن اسپین نے اٹلی کو 1-0 سے شکست دی، فیصلہ کن گول پیڈرو روڈری گوئیز نے کیا، ایٹلیٹکو میڈرڈ کے اسٹرائیکر ڈیگو کوسٹا کو ڈیبیو کا موقع فراہم کیا مگر وہ زیادہ متاثر کن نہیں رہے،اسپین کے ٹاپ گول اسکورر پیڈرو ایک بار پھر اپنی ٹیم کیلیے فائدہ مند ثابت ہوئے۔ پرتگال کی ٹیم نے کیمرون کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 5-1 سے کامیابی اپنے نام کی، سپر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے2 بار گیند کو جال میں پھینکا،میریلس، کوئنٹرائو اور ایڈینہو نے ایک ایک گول کیا،کیمرون کی جانب سے واحد گول ابوبکر نے کیا۔ 1998 کے ورلڈ چیمپئن فرانس نے بھی کافی عمدہ کھیل پیش کیا، نیدرلینڈز کے خلاف پیرس میں 2-0 کی فتح میں کریم بینزیما اور بلیس میٹیوڈی نے گول کیے، یہ ورلڈ کپ 2010 کے رنر اپ نیدرلینڈز کی 19 میچز میں پہلی شکست ہے۔ ورلڈ کپ کیلیے اسکواڈ کے اعلان سے قبل اپنے آخری دوستانہ میچ میں انگلینڈ نے ڈنمارک کو 1-0 سے زیر کیا، ویمبلے میں واحد گول ڈینیئل اسٹورجے نے ہیڈر پر کیا۔

بخارسٹ میں ارجنٹائن کا میزبان سائیڈ رومانیہ کے ساتھ دوستانہ مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، جرمنی نے چلی کو 1-0 سے مات دی، اسٹٹ گارٹ میں کھیلے گئے اس میچ کے 16 ویں منٹ میں ماریو گوئیٹز نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، چلی کی جانب سے مقابلہ برابر کرنے کی آخری وقت تک بھرپور کوشش کی گئی مگر جرمنی نے اسے کامیاب نہیں ہونے دیا۔ بارسلونا میں کولمبیا اور تیونس کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ امریکا کو یوکرین کے ہاتھوں 0-2 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، یہ میچ یوکرین میں سیاسی شورش کی وجہ سے قبرص میں کھیلا گیا، گھانا کو مونٹی نیگرو نے 1-0 سے زیر کیا، ورلڈ کپ میں ڈیبیو کیلیے تیار بوسنیا کو مصر کے ہاتھوں 2-0 سے مات ہوئی۔ آسٹریلیا کا حشر بہت بُرا ہوا، لندن میں کھیلے جانے والے مقابلے میں آسٹریلوی ٹیم نے ایکواڈور پر 3-0 کی برتری حاصل کی مگر پھر حیران کن طور پر 4-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یوروگوئے اور آسٹریا کا میچ 1-1 سے برابر رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں