جامعہ کراچی ریٹائر اساتذہ کی ملازمت میں توسیع کا سلسلہ زور پکڑ گیا

پروفیسر سہیل برکاتی کی مدت ملازمت میں توسیع یونیورسٹی خودہی کردیتی ہے


Staff Reporter March 07, 2014
پروفیسر ملاحت کلیم شیروانی کو تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے تنخواہ دے کر گیسٹ ہاؤس کاانتظام سنبھالنے کی ذمے داری دی گئی ہے

جامعہ کراچی میں ریٹائر ہونے والے اساتذہ کی ملازمت میں توسیع اور دوبارہ تقرری کا سلسلہ زورپکڑتاجارہاہے اورانتظامیہ سے قریب یا بااثر اساتذہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمت میں توسیع معمول بن گئی ہے۔

یہ اساتذہ یونیورسٹی کے خزانے پر بوجھ بنے ہوئے ہیں، حال ہی میں جامعہ کراچی کی سفارش پرسابق رئیس کلیہ فنون پروفیسرملاحت کلیم شیروانی سمیت دیگرکئی اساتذہ کی مدت ملازمت میں توسیع کردی گئی ہے، ریٹائرڈاساتذہ کی مدت ملازمت میں توسیع گورنر سیکریٹریٹ کی جانب سے کی گئی ہے اور انھیں ''فل پروفیسر'' کے مساوی تنخواہیں دی جارہی ہیں پروفیسر ملاحت کلیم شیروانی کے علاوہ پروفیسرعبدالرحمٰن ذکی اور پروفیسر منصوراحمد کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی ہے اس سے قبل سابق رئیس کلیہ انتظام وانصرام پروفیسرابوذرواجدی کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی تھی انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے سابق صدر اور سابق برکاتی گروپ کے سربراہ پروفیسرسہیل برکاتی کی مدت ملازمت میں توسیع توخود یونیورسٹی انتظامیہ ہی کردیتی ہے ان کی اکیڈمک معاملات میں آئے دن کی مداخلت پریونیورسٹی اساتذہ معترض رہتے ہیں۔

ادھر کئی برس قبل ریٹائرہونیوالے پروفیسرسلیم میمن تویونیورسٹی چھوڑنے کیلیے ہی تیارنہیں ہیں وہ پی ایچ ڈی نہ ہونے کے باوجودجامعہ کراچی کی شاہ عبدالطیف چیئرکے ڈائریکٹرہیں جبکہ شہید بینظیرچیئرکے ڈائریکٹر کا عارضی چارج بھی ان ہی کے پاس ہے ان کی مدت ملازمت مئی میں پوری ہورہی ہے اورغالب امکان ہے کہ انھیں ایک بارپھرمذکورہ دومیں سے کسی ایک چیئرکاڈائریکٹرمقررکردیاجائے،واضح رہے کہ جامعہ کراچی نے ریٹائرہونے والی سابق رئیس کلیہ فنون پروفیسر ملاحت کلیم شیروانی کوملازمت میں توسیع کے بعد یونیورسٹی کے ''گیسٹ ہائوس''کاچارج دے دیاہے وہ فل پروفیسرکے مساوی ڈیڑھ لاکھ کے لگ بھگ تنخواہ لے کر یونیورسٹی کے گیسٹ ہائوس کاانتظام سنبھالیں گی جو اس سے قبل یونیورسٹی کے حاضر سروس افسراپنی تنخواہ میں ہی انجام دے رہے تھے، معلوم ہواہے کہ پروفیسرملاحت کلیم شیروانی کی ریٹائرمنٹ سے قبل ہونیوالے ایک دوروزہ سیمینارمیں آنے والے مہمانوں کی گیسٹ ہائوس میں بہترخاطرتواضع نہ ہونے کے بعد ان ہی کواس عہدے کاچارج دے دیاگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں