سخت فیصلوں سے ملک میں معاشی حالات بہتر ہوں گے شاہد خاقان عباسی

آئی ایم ایف سے غلط معاہدے عمران خان نے کیے، سابق وزیراعظم


ویب ڈیسک June 14, 2022
نیب کا ادارہ جب تک ہے ملک نہیں چل سکتا، احتساب عدالت کے باہر شاہد خاقان کی میڈیا سے گفتگو۔ (فائل : فوٹو)

ISLAMABAD: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اب سخت فیصلوں سے ملک میں معاشی حالات بہتر ہوں گے، ملک کے حکمران ملک کی معیشت کے خلاف فیصلے کرتے رہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولتے ہیں اور بولتے رہے، آئی ایم ایف سے غلط معاہدے عمران خان نے کیے اور اب ملک چلانے کے لیے سخت فیصلے لے رہے ہیں۔

نیب سے متعلق انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا نظام سب کے سامنے ہے اور یہ لوگ اب اپنے آخری قدم پر ہیں، نیب کا ادارہ جب تک ہے ملک نہیں چل سکتا۔

صدر مملکت پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ صدر صاحب اس ملک کے صدر ہیں یا ایک جماعت کے ورکر، وہ فیصلہ کر لیں کیونکہ صدر صاحب کے ان اقدامات سے ایک بری روایت پڑتی جا رہی ہے۔ صدر صاحب کہتے ہیں کہ الزام لگنے کے بعد وہ بندا ثبوت دے کہ اس پر لگے الزام غلط ہیں، ایک ملک کا صدر ایسا بیان دے رہا ہے، صدر مملکت پر حیرانگی ہے جو نیب قانون کے بارے میں ایسی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہی جماعت ہے جو چیئرمین نیب کو قابو کرکے چار سال نام نہاد احتساب کرتی رہی لیکن اب ملک چلانا ہے تو نیب کو ختم کرنا ہوگا، چیئرمین نیب آٹھ ماہ ڈیلی ویجر کے طور پر کام کرکے گھر جا چکا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس ملک کو چلانا ہے تو نیب کو ختم کرنا ہوگا، ملک کا صدر ملکی معاملات میں رکاوٹ نہیں بنتا لیکن موجودہ صدر کے فیصلے تاریخ میں یاد رکھے جائیں گے۔ احتساب کرنے والے کو اب ناگوار ہے خود احتسابی، چیئرمین نیب اپنے اثاثے پوری قوم کے سامنے رکھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں