پنجاب بجٹ کا معاملہ مزید گھمبیر اسپیکر اور گورنر نے علیحدہ علیحدہ اجلاس طلب کرلیے

مشاورت کے بعد صوبائی حکومت کا بجٹ اجلاس ایوان وزیراعلیٰ یا کسی نجی ہوٹل میں کرانے پر غور


ویب ڈیسک June 14, 2022
فوٹو فائل

WASHINGTON: پنجاب کے بجٹ کے معاملے پر اسپیکر اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ اور گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پندرہ جون کو علیحدہ علیحدہ مقامات پر اجلاس طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کو ایک اور بحران کا سامنا ہے، آج ہونے والے اجلاس میں بھی بجٹ پیش نہ کیا جاسکا جس کے بعد حکومت نے مقامی ہوٹل میں بجٹ اجلاس رکھنے کا فیصلہ کیا تو گورنر نے اجلاس مؤخر جبکہ اسپیکر نے بدھ کی دوپہر ایک بجے تک کارروائی ملتوی کردی۔

بعد ازاں بجٹ پیش کرنے کے معاملے پر حکومت اور اسپیکر نے بدھ 15 جون کو علیحدہ علیحدہ اجلاس طلب کرلیے، گورنر پنجاب نے اجلاس ایوان اقبال میں دوپہر ایک بجے طلب کرلیا جبکہ اسپیکر نے ایوان میں کل اجلاس طلب کیا جس کے بعد مختلف سوالات پیدا ہوگئے۔

جیسے ایوان اقبال کے اجلاس میں سیکرٹری اسمبلی کون ہوگا، اسمبلی کا اسٹاف کہاں سے آئے گا، پنجاب اسمبلی کا اسٹاف کل اسپیکر کے اجلاس میں ڈیوٹی دے گا یا ایوان اقبال میں حاضری لگائے گا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے آج ہر صورت آئندہ مالی سال کا بجٹ ایوان میں پیش کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد حکومت اور اتحادی اراکین کو ہوٹل پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کے ضدی رویے کے باعث بجٹ اجلاس ایوان وزیراعلیٰ یا کسی نجی ہوٹل میں کرانے کا فیصلہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا۔

مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج بھی تاخیر کا شکار

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینئر وزیر حسن مرتضیٰ پنجاب اسمبلی سے روانہ ہوگئے، ذرائع نے بتایا کہ انہیں پارٹی قیادت نے سینئر وکلا سے مشاورت کے لیے بلاول ہاؤس بلایا ہے۔

حکومتی ذرائع نے کہا تھا کہ اپوزیشن کی ضد کے باعث عوامی بجٹ نہیں روک سکتے، بجٹ ہر صورت پیش کریں گے، بجٹ اجلاس ایوانِ وزیر اعلیٰ یا کسی نجی ہوٹل میں بھی ہوسکتا ہے جس کی صدرات ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کریں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں حکومت کو گزشتہ روز بجٹ پیش کرنا تھا البتہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان کشیدگی کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا جس پر اسپیکر چوہدری پرویز الہیٰ نے اجلاس 14 جون دن ایک بجے طلب کیا تاہم اب تک کارروائی نہیں ہوسکی۔

اپوزیشن اور اسپیکر پرویز الہٰی اجلاس سے پہلے آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ کو اسمبلی میں بلانے کے مطالبے پر قائم ہیں۔ اسپیکر اسمبلی کا کہنا ے کہ آئین کے تحت کسی کو بھی بلانے کا اختیار ہے،معافی مانگنا پڑے گی، حکومتی اتحادیوں نے ن لیگ کو بجٹ پیش کرنے سے متعلق اختیار دے دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے