لاہور میں فائرنگ سے میاں بیوی سمیت 4 افراد جاں بحق

مقتولین کی خاندانی رنجش چل رہی تھی،بظاہر رضوان علی نے تینوں کو مارنے کے بعد خود کو گولی ماری،پولیس

کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیمیں موقعہ سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں،پولیس

کراچی:
لاہور کے فیکٹری ایریا میں خاندانی رنجش پر میاں بیوی سمیت چار افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جاں بحق افراد میں 45 سالہ شوہر آصف، 40 سالہ بیوی کرن، 60 سالہ رشتے دار عزیز اور 25 سالہ رضوان علی شامل ہیں، ایس ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر پہنچنے پر پولیس کو گھر کا مین گیٹ اندر سے لاک ملا جسے اہل محلہ کی موجودگی میں کھولا گیا،رشتہ داروں کے مطابق مقتولین کی خاندانی رنجش چل رہی تھی،بظاہر رضوان علی نے تینوں کو مارنے کے بعد خود کو گولی ماری، رضوان مقتول آصف کا سوتیلا بھانجا ہے۔


ایس ایس پی کینٹ نے بتایا کہ کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیمیں موقعہ سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں،آلہ قتل تحویل میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول آصف درزی کا کام کرتا تھا اور گزشتہ دس سال سے کرائے کے گھر میں مقیم تھا، تیسرے مقتول کی شناخت عزیز کے نام سے ہوئی، جس کا اکثراوقات آصف کے گھر آنا جاناتھا، مقتول کی انارکلی میں بچوں کے کپڑوں کی دکان ہے، چوتھا مقتول آصف کا منہ بولا بھانجا تھا جس کی آصف سے گھریلومعاملات پر رنجش چل رہی تھی۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے مقتول رضوان علی کی لاش کے پاس پستول پڑا ملا، بظاہر رضوان نے تینوں افراد کو قتل کرکے خودکشی کی ہے،رضوان، آصف کی بیوی سے شادی کا خواہش مند تھا، فرانزک رپورٹ کے بعد مزید شواہد سامنے لائے جائیں گے۔
Load Next Story