حکومت سندھ 466 ارب کی مقروض 1 سال میں قرضہ 442 ارب روپے بڑھا

2021-22کے اختتام تک غیرملکی قرضے 451 ارب 25کروڑ اور مقامی قرضے 15ارب 23 کروڑ روپے ہوگئے، ہرشہری 9ہزار کا مقروض


Kashif Hussain June 15, 2022
نئے مالی سال میں صوبائی حکومت مزید 91ارب 46کروڑکے غیرملکی قرضے حاصل کریگی، مجموعی قرض 527ارب روپے ہوجائیگا، بجٹ دستاویز ۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت بھی وفاق کی روش پر چل پڑی، بیرونی قرضوں میں ایک سال کے دوران 442 ارب روپے کا تاریخی اضافہ ہوا، مجموعی قرضوں کی مالیت 466 ارب 49کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔اس طرح سندھ کا ہر شہری بھی 9ہزار روپے سے زائد کا مقروض ہوگیا۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق سندھ حکومت پرملکی و غیرملکی قرضوں کے حجم میں مالی سال 2021-22کے دوران 442 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ سندھ پر مجموعی قرضوں کی مالیت رواں مالی سال کے اختتام تک 466 ارب 49کرو ڑ روپے تک پہنچ گئی۔

مالی سال 2020-21کے اختتام پر سندھ حکومت پر 23 ارب 55کروڑ روپے کے قرضے تھے جن میں 22 ارب24کروڑ 60لاکھ کے غیرملکی قرضے اور ایک ارب 31کروڑ روپے کے مقامی قرضہ شامل تھے۔ مالی سال 2021-22کے اختتام تک غیرملکی قرضے 451 ارب 25کروڑ روپے جبکہ مقامی قرضوں کی مالیت 15ارب 23کروڑ50لاکھ روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق سندھ حکومت آئندہ مالی سال 30 ارب 88کروڑ روپے کے قرضوں کی ادائیگی کرے گی جن میں 27ارب 31کروڑ روپے غیرملکی قرضوں جبکہ 3 ارب 56کروڑ80لاکھ روپے ملکی قرضوں کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔

سندھ حکومت مالی سال 2022-23کے دوران مزید 91ارب 46کروڑ روپے کے قرضے حاصل کرے گی جو تمام تر غیرملکی ہوں گے۔ اس طرح آئندہ مالی سال کے اختتام تک سندھ حکومت پر واجب ملکی و غیرملکی قرضوں کی مالیت 527ارب 7کروڑ 80لاکھ روپے تک پہنچ جائے گی جن میں 515ارب 41کروڑ روپے کے غیرملکی جبکہ 11ارب 66کروڑ روپے کے ملکی قرضے شامل ہوں گے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال کے اختتام تک سندھ حکومت پر ورلڈ بینک اور انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے قرضوں کی مالیت مزید 28ارب 26کروڑ روپے کے قرضوں کی وصولی سے 299ارب 5کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی، ایشیائی ترقیاتی بینک سے آئندہ مالی سال کے دوران مزید 31ارب 39کروڑ قرضے لیے جائیں گے جس سے اے ڈی بی کے مجموعی قرضوں کی مالیت 151ارب 85کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی، آئندہ مالی سال کے اختتام تک آئی بی آر ڈی کے قرضوں کی املیت 29ارب روپے اضافہ سے 47ارب71کروڑ روپے دیگر متفرق غیرملکی اداروں کے قرضوں کی مالیت 2.32ارب روپے بڑھ کر 7ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔ جاپان کے سندھ حکومت پر قرضے 9.59ارب روپے تک پہنچ جائیں گے۔

سندھ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 33ارب 84 کروڑ89 لاکھ روپے کے خسارے کو پورا کرنے اور آمدن سے زائد اخراجات کے لیے مقامی بینکوں سے 45ارب روپے کا قرض لے گی، رواں مالی سال بینکوں سے 5ارب روپے کا قرض لیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں