ایکنک کا اجلاس کرم تنگی گومل زام ڈیم و دیگر منصوبوں کی منظوری

منصوبوں پر12ارب 66کروڑ 26لاکھ کی تحفیف شدہ لاگت کاتخمینہ، کرم تنگی ڈیم سے فاٹا میں16380ایکڑاراضی سیراب ہوگی، اسحاق ڈار


Numainda Express March 07, 2014
منصوبوں پر12ارب 66کروڑ 26لاکھ کی تحفیف شدہ لاگت کاتخمینہ، کرم تنگی ڈیم سے فاٹا میں16380ایکڑاراضی سیراب ہوگی، اسحاق ڈار

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے12ارب 66کروڑ 26لاکھ روپے کی تحفیف شدہ لاگت کے ساتھ کرم تنگی کثیرالمقاصد ڈیم اسٹیج ون پراجیکٹ، گومل زام ڈیم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔

ایکنک کا اجلاس جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد، وزیر مملکت انوشہ رحمان اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر سید مراد علی شاہ کے علاوہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کرم تنگی کثیرالمقاصد ڈیم اسٹیج ون پروجیکٹ کی لاگت میں یوایس ایڈ کی9ارب 97 کروڑ 50لاکھ روپے کی گرانٹ بھی شامل ہے۔ اس منصوبے سے فاٹا میں 16380ایکڑ اراضی سیراب کرنے کیلیے پانی کی فراہمی کے ساتھ 18.9 میگاواٹ بجلی بھی پیدا کی جائیگی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ منصوبہ شمالی وزیرستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلیے بڑی اہمیت کا حامل ہے، اس لیے اس پر کام کی رفتار تیز ہونی چاہیے۔ منصوبے کی تکمیل پر48500کی آبادی کو گھریلو استعمال کے لیے بھی پانی دستیاب ہوگا۔

ایکنک نے سندھ کے بحالی نظام آبپاشی پروجیکٹ فیزون کی بھی اصولی منظوری دی۔ منصوبے کی تخفیف شدہ لاگت 30ارب 35کروڑ 30لاکھ روپے منظورکی گئی ہے جس میں 28ارب اور 84کروڑ روپے سے زائد کا آئی ڈی اے لون شامل ہے۔ حکومت سندھ یہ قرضہ اپنے وسائل سے واپس کریگی۔ اس کے علاوہ ایکنک نے گومل زام ڈیم کے نظرثانی شدہ پی سی ون کی بھی منظوری دی۔ اس منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت 20ارب 62کروڑ60لاکھ روپے میں یو ایس ایڈ کی جانب سے 10ارب 72کروڑ 18لاکھ روپے سے زائد کی گرانٹ شامل ہے۔ منصوبے کے تحت آبپاشی کے لیے 848کیوسک پانی کی فراہمی کے ساتھ 17.4میگا واٹ بجلی بھی پیدا کی جائیگی۔ اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے اضلاع میں گومل زام کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ اور زرعی پروجیکٹ کے لیے پانی کے انتظام کے منصوبے کی منظوری دی گئی ، اس پر 3.73ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں