عالمی بینک ہاؤسنگ فنانس پراجیکٹ کیلیے پاکستان کو ساڑھے 8 کروڑ ڈالر فراہم کریگا

پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے


Irshad Ansari June 15, 2022
فوٹو: فائل

ISLAMABAD: عالمی بینک ہاؤسنگ فنانس پراجیکٹ کے لیے پاکستان کو ساڑھے 8 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا جس کے لیے پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کے ساتھ ساڑھے آٹھ ڈالر کے ''پاکستان ہاؤسنگ فنانس پروجیکٹ'' کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب گذشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق عالمی بینک کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن میاں اسد حیاء الدین نے دستخط کیے جبکہ عالمی بینک کی جانب سے قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک مسٹر گیلیس جے ڈراوجلس نے فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کیے جبکہ پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی (پی ایم آر سی ) کے نمائندے نے پروجیکٹ کے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر مسٹر گیلیس نے کہا کہ پاکستان میں جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مدد کے لیے حکومت پاکستان کو عالمی بینک کی مسلسل مالی اور تکنیکی مدد کو یقینی بنایا جبکہ اتصادی امور کے وزیر ایاز صادق نے دستخط ہونے کی تقریب کے دوران عالمی بینک کے ساتھ قابل قدر شراکت داری کے پیرامیٹرز کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب حکومت کی پالیسی اور پروگراموں پر عالمی بینک کے مسلسل اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں کم اور درمیانی آمدنی اور غیر رسمی آمدنی پر انحصار والے گھرانے مستفید ہوں گے۔

پاکستان ہاؤسنگ فنانس پروجیکٹ کا مقصد ان گھرانوں کے لیے ہاؤسنگ فنانس تک رسائی بڑھانے اور پاکستان میں کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی میں حکومت پاکستان کی جاری کوششوں میں تعاون کرنا ہے، یہ اضافی فنانسنگ پاکستان مارگیج ری فنانس کمپنی کی جانب سے 140 ملین امریکی ڈالر کے بنیادی منصوبے کے تحت بنائے جانے والے رسک شیئرنگ سہولت کے ذیلی ٹرسٹ کی ابتدائی سرمایہ کاری کے لیے فنڈ فراہم کرے گی۔

یہ پروجیکٹ پرائمری مارگیج قرض دہندگان کو 5ویں کوئنٹائل کے گھرانوں کے بالکل اوپری حصے سے نچلے کوئنٹائل آمدنی والے گروپوں میں جانے کے قابل بنائے گا لہٰذا بڑے پیمانے پر مالیاتی شعبے کو بھی بہت فائدہ پہنچے گا کیونکہ یہ منصوبہ کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی میں معاونت کے علاوہ بنیادی مارگیج مارکیٹ کو گہرا کرنے میں مدد کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں