کراچی میں 2 بینک ڈکیتیاں ڈاکو 60 لاکھ روپے لوٹ کر باآسانی فرار

ڈاکو کراچی کے علاقے پاپوش نگر کے بینک سے 35 جب کہ جوہر آباد سے 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے

شبہ ہے کہ دونوں وارداتوں میں ایک ہی گروہ ملوث ہے تاہم اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں،ایس ایس پی سینٹرل فوٹو؛ایکسپریس نیوز

شہر کے 2 مختلف علاقوں میں نجی بینک میں ڈکیتیوں کے دوران ڈاکو 60 لاکھ روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے پاپوش نگر میں 5 سے 6 مسلح ڈاکوؤں نے نجی بینک کی برانچ میں داخل ہو کر عملے اور سیکیورٹی گارڈز کو یرغمال بنانے کے بعد کاؤنٹر پر موجود 35 لاکھ روپے لوٹ لئے جب کہ دوسری جانب ضلع وسطی کے ہی علاقے جوہرآباد میں بھی نجی بینک سے ڈاکو اسلحے کے زور پر بینک عملے اور کھاتے داروں کو یرغمال بناکر 25 لاکھ روپے لوٹ کر با آسانی فرار ہوگئے جب کہ گارڈز کی جانب سے کوئی مزاحمت نہیں کی گئی۔ ایس ایس پی سینٹرل مقدس احمد کا کہناہے کہ شبہ ہے کہ دونوں وارداتوں میں ایک ہی گروہ ملوث ہے تاہم اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے دونوں بینکوں کے عملے کے بیانات اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہیں۔

واضح رہے کہ جنوری میں 4 اور فروری کے مہینے میں بھی 3 بینک ڈکیتیاں ہو چکی ہیں جب کہ رواں ماہ 3 بینک لوٹ لئے گئے تاہم پولیس ابھی تک کسی ایک بینک ڈکیتی کا بھی سراغ نہیں لگا سکی جو سندھ حکومت اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
Load Next Story