بجٹ کہانی

یہ بجٹ جس افراتفری اور دباؤ کے تحت بنایا گیا ہے اُس میں عوام کے لیے کسی خیر کی خبر کا نہ ہونا پہلے سے طے تھا

Amjadislam@gmail.com

میرے علم میں نہیں ہے کہ برٹش راج میں اُس وقت کے ہندوستان میں بجٹ کس طرح سے پیش ہوتا تھا یا سرے سے ہوتا ہی نہیں تھا کیونکہ باوجود تلاش کے مجھے اکبرالٰہ آبادی سمیت تقسیم سے قبل کہیں بھی اس کا ذکر یا تبصرہ نہیں ملا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ شائد اُس زمانے کی حکومت کسی اور سے مشورے کے بغیر اسے خود ہی بناتی اور خود ہی منظورکرتی تھی البتہ قیام پاکستان کے بعد سے فکاہیہ کالموں اور مزاحیہ شاعری میں اس کا ضرور ملتا ہے کہ اب تنخواہ دار طبقے سمیت معاشرے کا ہر طبقہ کم یا زیادہ اس سے متاثر ہوتاہے اور اس تاثر کا اظہار بھی کُھل کر کرتا ہے۔

ذرا آگے چلیں تو بجٹ پیش کرنے والی سول حکومت کو ایوان میں بجٹ پیش کرنے کے دوران اپوزیشن کے احتجاج، تنقید اور شور شرابے کے مراحل سے بھی گزرنا پڑتا تھا، اب گویا یہ ایک روایت سی بن گئی تھی کہ بجٹ بالآخر پاس تو ہوجاتا تھا مگر مسلسل بلند آواز سے دیر تک بولنے کی وجہ سے اسے پیش کرنے والے وزیر خزانہ کا گلہ اور آواز کئی دنوں تک ابنارمل حالت میں رہتے تھے مگر اس بار یعنی 2022-23 کے بجٹ سیشن کے دوران کئی نئی روایات کا اضافہ ہوا ہے۔

اس وقت تک وفاق اور دو صوبوں یعنی سندھ اور خیبر پختونخوا کے بجٹ تو پیش اور پاس ہوگئے ہیں مگر سب سے بڑے صوبے یعنی پنجاب کا بجٹ حکومت کی طرف سے متعدد کوششوں کے باوجود پیش نہیں کیا جاسکا کہ ایوان چلانے کے ذمے دار یعنی اسپیکر اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی (جنھیں کل تک تقریباً تمام سیاستدان زمانہ دیدہ دانش مند خاندانی اور تحمل مزاج قرار دیتے تھے) اپنے استحقاق کے حوالے سے اسے دو دن سے پیش نہیں ہونے دے رہے۔

پہلا دن تو عطا اللہ تارڑ کی ایوان میں متنازعہ موجودگی کی نذر ہوگیا کہ اگرچہ وزیر اعلیٰ نے انھیں اپنی کابینہ میں شامل کرکے وزیر کا عہدہ بھی دے دیا ہے مگر وہ فی الوقت اسمبلی کے ممبر نہیں ہیں۔

اس اعتبار سے اسپیکر کا انھیں ایوان سے باہر جانے کا حکم دینا بالکل صحیح اور حسبِ قانون تھا جب کہ دوسرا دن اپوزیشن کی اس ضد کی نذر ہوگیاکہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران صوبے کی 74 سالہ تاریخ میں پولیس پہلی بار ایوان کے اندر آئی جس سے اُن کے بقول اسمبلی اور ممبران دونوں کا وقار مجروح ہوا ، سو اب تلافی کے لیے آئی جی اور چیف سیکریٹری کو منتخب ایوان کے سامنے پیش ہو کر اس کی وضاحت پیش کرنی چاہیے اور معافی طلب کرنا چاہیے جب کہ حکمران بنچ اس کی مخالفت کر رہا ہے، اب چونکہ اس تنازعے کا پس منظر قائد ایوان کے متنازعہ انتخاب سے ہے، اس لیے دونوں پارٹیاں اپنا اپنا حساب برابر کر رہی ہیں۔

جہاں تک بجٹ کے اعداد و شمار کا تعلق ہے وہ روایتی تقریر سے پہلے ہی میڈیا میں آچکے ہیں۔ ظاہر ہے یہ بجٹ جس افراتفری اور دباؤ کے تحت بنایا گیا ہے اُس میں عوام کے لیے کسی خیر کی خبر کا نہ ہونا پہلے سے طے تھا لیکن ترقیاتی اسکیموں کی کمی ، تعلیم اور صحت کی بے مائیگی اور مزید ٹیکسوں کی دھمکیوں نے جس طرح مستقبل قریب کے ہر منظر کو دھند لا دیا ہے۔

اس کا تقاضا یہی ہے کہ سب لوگ حکومت اور اپوزیشن سے اوپر اُٹھ کر اس معاملے کو ''ریاست'' کے حوالے سے دیکھنے، سمجھنے اور حل کرنے کی کوشش کریں کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں واقعی ملک کی معیشت، عزت اور ساکھ سب کچھ دائو پر لگ جائے گا۔

متعلقہ اعدادو شمار چونکہ بار بار آپ سن چکے ہیں اور ابھی کچھ دن اور تک سنتے بھی رہیں گے سو میں اُن کے پھیر میں نہیں پڑتا لیکن اتنا ضرور معلوم کرنا چاہوں گا کہ پنشنرز کے لیے صرف 5% اضافہ کس وجہ سے کیا گیا ہے، بتایا گیا کہ شائد چند ماہ قبل 10% اضافہ اُن کی پنشن میں کیا جاچکا ہے، اس وجہ سے یہ 5% ملا کر 15% ہوجائے گا۔ لیکن میری اطلاعات کے مطابق وفاق میں شائد ایسا کیا گیا ہو لیکن پنجاب کی حد تک یہ اضافہ عمل میں نہیں آیا، اگر یہ غلطی ہے تو اسے ٹھیک کیا جائے اور اگر فیصلہ ہے توا س پر دوبارہ غور کیا جائے۔

بجٹ کے موسم کا ایک پھل اور اس پر ہونے والے مزاحیہ تبصرے بھی ہیں جن میں مزاح کی آڑمیں شاعروں نے بہت گہری اور پتے کی باتیں کی ہیں۔ اس وقت پاک و ہند میں اس حوالے سے سب سے بڑا اور اہم نام انور مسعود کا ہے تو آخرمیں حالات کی تلخی کو کم کرنے اور مسکراہٹوں کو چہروں پر واپس لانے کے لیے انور مسعود کے ہی کچھ قطعے

تمہاری اقتصادی پالیسی بھی

بڑی کمزور اور محدود نکلی

کہا تھا سُود پر قرضے نہ لینا

نصیحت اس قدر بے سود نکلی

............

کچھ آٹے دال کی بات نہ پوچھو

کہ قیمت انکی چڑھتی جا رہی ہے


چِھڑا ہے ذکر جس دن سے بجٹ کا

گرانی ہے کہ بڑھتی جارہی ہے

خلائی لیب کے گرنے سے پہلے

حوادث پیش کتنے آگئے ہیں

اچانک اک بجٹ آکر گرا ہے

کروڑوں لوگ نیچے آگئے ہیں

............

بجٹ میں نے دیکھے ہیں سارے ترے

انوکھے انوکھے خسارے ترے

اللّے تلّلے اُدھارے ترے

بھلا کون قرضے اُتارے ترے

............

قسم ہے گزرتے ہوئے وقت کی

کہ انسان بے شک خسارے میں ہے

یہ ارشادِ باری مجھے یوں لگا

ہمارے بجٹ ہی کے بارے میں ہے
Load Next Story