لاہور میں بارش شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت

کمشنر لاہور کی تمام محکموں کے افسران و اہل کاروں کو مشینری سمیت الرٹ رہنے کی ہدایت

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ مزید دو دن تک جاری رہے گا (فوٹو فائل)

ISLAMABAD:
پنجاب کے کئی شہروں میں پری مون سون بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ممکنہ حادثات کے پیش نظر انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایات جاری کردیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں گرمی کی شدت میں قدرے کمی ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ صوبے بھر میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ مزید دو دن تک جاری رہے گا۔ صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ 8 ایم ایم بارش جوہر ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی۔

کمشنر لاہور کیپٹن محمد عثمان نے بارش کے پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے سیز اپنے علاقوں کا دورہ کریں، جب کہ نکاسی آب کے کاموں کی وہ خود نگرانی کریں گے۔ انہوں نے انتظامی اہل کاروں کہ ہدایت کہ وہ اپنے علاقوں میں مشینری کے ساتھ موجود رہیں۔


یہ خبر بھی پڑھیے: لاہور میں دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق، 1 زخمی

کمشنر لاہور نے حکم جاری کیا کہ پولیس بند ہونے والے راستوں کے متبادل کا انتظام کرے جب کہ لیسکو، واسا، ایم سی ایل و دیگر محکمے فیلڈ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق راؤنڈ کریں گے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ تیز بارش کی صورت میں گھروں سے غیر ضروری طور پر نہ نکلیں اور بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں و تاروں سے دُور رہیں۔

دریں اثنا ایس پی ٹریفک آصف صدیق نے افسران کو ایمرجنسی کی صورت میں شہریوں کی فوری مدد کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مصروف اور نشیبی شاہراہوں پر اضافی وارڈنز تعینات کردیے گئے ہیں۔موٹر سائیکل سوار انڈر پاسز کھڑے نہ ہوں جب کہ گاڑی چلانے والے احتیاط سے ڈرائیونگ کریں۔ کسی بھی مشکل صورت حال میں شہری رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر کال کر سکتے ہیں۔
Load Next Story