پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلے گا یا نہیں فیصلہ آج ہوگا

ایف اے ٹی ایف کے تمام 27 اہداف پر عمل کرلیا، آج پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کا قوی امکان ہے، ذرائع وزارت خزانہ


ویب ڈیسک June 17, 2022
ایف اے ٹی ایف اجلاس کے اختتام پربیان جاری کرے گا:فوٹو:فائل

ISLAMABAD: پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے سے متعلق فیصلہ آج ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا اجلاس 13 جون سے جاری ہے جس کا آج آخری روز ہے، ایف اے ٹی ایف کے پلینری اجلاس میں پاکستان کو کارکردگی کی بنیاد پر گرے لسٹ سے نکالنے یا مزید رکھنے کا فیصلہ آج کیا جائے گا جس کا اعلان آج رات ایف اے ٹی ایف کی جانب سے کیا جائے گا۔

اس حوالے سے خارجہ امور کی وزیرمملکت اور اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہ حنا ربانی کھر نے ٹوئٹ میں کہا کہ فائننشل ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف) کا پلینری اجلاس برلن میں جاری ہے۔ ایف اے ٹی ایف اجلاس کے اختتام پر باضابطہ بیان جاری کرے گا۔



وزیرمملکت نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس اوراجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیئے۔ ہفتے کی صبح وزارت خارجہ میں میڈیا بریفنگ کی جائے گی جس میں اجلاس سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

پلینری اجلاس میں پاکستان کی 2018 اور2021 کی کارکردگی پر بحث ہو گی اور اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اورانٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ یعنی آئی سی آر جی کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان اس وقت ایف اے ٹی ایف کی 2018 میں دی گئی 27 میں سے 26 سفارشات مکمل کر چکا ہے جبکہ 2021 میں ایف اے ٹی ایف کی ذیلی شاخ ایشیا پیسیفک گروپ (اے پی جی) کی جانب سے دیے گئے سات نکات میں سے چھ کوبھی قبل از وقت مکمل کر چکا ہے۔پاکستان کو 2018 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ کا حصہ بنایا گیا تھا جس کے بعد سے پاکستان میں سرمایہ لگانے والے ممالک کی تعداد قدرے کم ہو گئی تھی۔

ایف اے ٹی ایف کے مارچ 2022 میں ہونے والے ریویو میں ٹیررسٹ فنانسنگ کے ادارے نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے سفارشات کی تکمیل میں خاصی پیشرفت کی ہے۔

آج پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہیں، وزارت خزانہ

دریں اثنا وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہیں اور آج اس کی منظوری دی جاسکتی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی کا امکان ہے، ایف اے ٹی ایف برلن اجلاس پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی مخالفت کرسکتا ہے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے طریقہ کار کی منظوری دی جا سکتی ہے، آج کے اجلاس کے بعد پاکستان کو جون کے آخری ہفتے میں کارکردگی رپورٹ پیش کرنا ہوگی، ایف اے ٹی ایف کا وفد آن سائٹ جائزہ کے لیے پاکستان آئے گا۔

ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف کی آن سائٹ ٹیم جولائی کے آخری ہفتے پاکستان آ سکتی ہے، ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستان میں تمام متعلقہ اداروں کا دورہ کرے گی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق جرمنی کے شہر برلن میں ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کی تعریف بھی کی گئی ہے، برلن اجلاس میں بات چیت ہوئی ہے کہ پاکستان نے تمام 27 اہداف پر عمل درآمد کیا ہے، پاکستان نے انسداد منی لانڈرنگ کے لیے تمام اہداف حاصل کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں