آئی سی سی نے خزانے مزید بھرنے کی ٹھان لی

مینز اور ویمن کرکٹ ایونٹس کیلیے الگ میڈیا رائٹس بڈز موصول ہوں گی


Sports Reporter June 18, 2022
مینز اور ویمن کرکٹ ایونٹس کیلیے الگ میڈیا رائٹس بڈز موصول ہوں گی :فوٹو:فائل

بھارت کے بعد آئی سی سی نے بھی میڈیا رائٹس کی فروخت سے خزانے بھرنے کی ٹھان لی۔

آئی سی سی ایونٹس کے میڈیا رائٹس کی فروخت کیلیے کارروائی کا آغاز ہوگیا، 2024سے شروع ہونے والے نئے سائیکل میں 16 مینز اور 8 خواتین کے ٹورنامنٹ شامل ہوں گے،اس دوران مجموعی طور پر 465 میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹینڈرز کی طلبی کیلیے کارروائی کا عمل پیر سے شروع کیا جارہا ہے، اس بار مینز اور ویمنز ایونٹس کیلیے الگ بڈز موصول ہوں گی، تمام امیدوار ایک بڈ 4 سال، دوسری 8 سال کے دورانیے کیلیے جمع کرائیں گے، حتمی فیصلہ ستمبر میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ کے دوران سامنے آئے گا۔

چیف ایگزیکٹو جیف ایلر ڈائس نے کہا کہ کرکٹ کے مقابلوں پر ایک ارب کے قریب شائقین کی نظر ہوتی ہے،آئندہ سرکل میں بھی ان کو شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے،امید ہے کہ میڈیا رائٹس کے حصول کیلیے کمپنیز کی گہری دلچسپی دیکھنے میں آئے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ امیدوار کے سوا دیگر کی تفصیلات جاری نہیں کی جائیں گی، حال ہی میں بھارت نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 2023 سے 2027 کے دوران 410 میچز کے میڈیا رائٹس تقریبا 400 ارب سے زائد بھارتی روپوں میں فروخت کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی پی ایل کے براڈ کاسٹ رائٹس کتنے میں فروخت ہوئے؟

دوسری جانب آئی پی ایل کی الیکٹرونک آکشن نہ کیے جانے، 4 اور 8 سال کی الگ الگ بڈز طلب کرنے سمیت بھارتی میڈیا میں مختلف سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ رواں سال آئی پی ایل کی بڈنگ کاعمل ای آکشن کے ذریعے ہوا تھا۔


واضح رہے کہ آئی پی ایل کے میڈیا رائٹس سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو تقریبا 500 ارب روپے آمدنی کی توقع ہے۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں