طلباء نصاب پر توجہ دیں بلوچستان کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے وفاقی وزیر

ملک میں مالی بحران کے باوجود حکومت نے بلوچستان کے طلباء کیلئے بجٹ بڑھایا، احسن اقبال

(فوٹو: ٹوئٹر)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے طلباء نصاب پر توجہ دیں ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بلوچستان کے طالب علموں سے ملاقات کی، انہوں نے طلباء کو یقین دہانی کروائی کہ تعلیم کے شعبوں میں جاری کام جلد مکمل کیے جائیں جبکہ درپیش مسائل کو بھی دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

بلوچستان سے آئے طلباء کی ملاقات کے دوران قائم مقام چیئرپرسن ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہستہ سہیل بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں مالی بحران کے باوجود حکومت نے ایچ ای سی کے بجٹ کو 68 فیصد تک بڑھا دیا ہے جو کہ حکومت کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے ملک کے 20 غریب ترین اضلاع کی ترقی کے لیے ایک منصوبہ شروع کیا ہے اور اس مقصد کے لیے 20 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء نصاب پر توجہ دیں ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے، طلباء ریاست مخالف مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھیں، جو بلوچستان میں پراکسی وار شروع کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان نے افغانستان میں پراکسی وار کے نتائج دیکھے ہیں اور نوجوانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ساتھی طلباء کو ریاست مخالف عناصر کے مذموم پروپیگنڈے کے استحصال سے بچنے کےلئے آگاہ کریں۔
Load Next Story