حکومت نے زبردستی کاروبار بند کروایا تو مزاحمت کریں گے تاجر رہنما کا اعلان

کاروبار رات 9 بجے بند نہیں کریں گے،حکومت سرکاری اداروں کےاے سی بند کرے،تاجر رہنما

منتخب تاجر رہنماؤں سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی،تاجر رہنما،فوٹو:فائل

پنجاب کے تاجروں نے دکانیں بند کرنے کے حکومتی اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ تاجرکسی صورت اپنا کاروبار رات 9 بجے بند نہیں کریں گےحکومت اپنے تمام دفاتر کے اے سی بند کرے تو ہر غریب کا پنکھا چلے گا۔

تاجررہنما اجمل بلوچ نے کہا ہے کے رات 9 بجے دکانیں بند کرنے کے حوالے سے منتخب تاجر نمائندوں سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی،ڈپٹی کمشنروں کے ذریعے کئی تاجر نمائندوں پر دباؤ بھی ڈالا گیا اور چند تاجر نمائندوں کی وزیر اعلیٰ سے میٹنگ کو مشاورت کا نام دیا گیا۔


اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ عید کے سیزن میں شام کے وقت کاروبار بند کروانا ظلم ہوگا،پنجاب کے تاجر کسی صورت اپنا کاروبار رات 9 بجے بند نہیں کریں گے،رات بھر اسٹریٹ لائٹس اور پارکوں میں مفت استعمال ہونے والی بجلی بند کی جائے،تاجر کو ہر صورت بجلی فراہم کی جائے یہ سب سے مہنگی بجلی خریدتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومت اگر تاجر برادری کو بجلی مہیا نہیں کر سکتی تو جرنیٹیر چلا کر کاروبار کرنے دے،اتنی شدید گرمی میں خریدار کا گھر سے نکلنا ممکن ہی نہیں،زبردستی دوکانیں بند کرانے کی کوشش کی گئی تو سخت مزاحمت کریں گے۔
Load Next Story