پاکستان کو ایشیا کپ تیسری بار جیتنے کا موقع مل گیا

سری لنکا پانچویں مرتبہ اعزازکیلیے بے تاب ، دونوں ٹیمیں 2 بار فائنل میں آمنے سامنے آچکیں


Sports Reporter March 08, 2014
سری لنکا پانچویں مرتبہ اعزازکیلیے بے تاب ، دونوں ٹیمیں2 بارفائنل میں آمنے سامنے آ چکیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان کو ایشیا کپ تیسری بار جیتنے کا موقع مل گیا، دوسری فائنلسٹ ٹیم سری لنکا پانچویں مرتبہ اعزاز پانے کیلیے بے تاب ہوگی، دونوں ٹیمیں2 بار ایونٹ کے فائنل میں آمنے سامنے آ چکیں،ایک میں فتح نے گرین شرٹس کے قدم چومے، دوسرے میں آئی لینڈرز نے میدان مارلیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو ڈھاکا میں شیڈول فائنل میچ میں سری لنکن ٹیم پانچویں بار ایشیا کپ پر قبضہ جمانے کی کوشش کریگی،دفاعی چیمپئن پاکستان تیسری مرتبہ حکمرانی کا تاج سر پر سجانے کا عزم رکھتا ہے۔ دونوں ٹیمیں اس ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں2بار آمنے سامنے آچکی ہیں، پہلا مقابلہ 6 اپریل 1986کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں ہوا جس میں میزبان ٹیم نے 5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، بعد ازاں 7جون 2000کو بنگلہ دیش میں منعقدہ ایونٹ میں پاکستا ن نے 39رنز سے فتح کے ساتھ پہلی مرتبہ ایشیائی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے مابین دنیا کے مختلف کرکٹ گرائونڈ اور ٹورنامنٹس میں 12 فیصلہ کن معرکے ہوئے، ان میں پلڑا برابر رہا،گرین شرٹس 6بار سرخرو ہوئے اتنے ہی ٹائٹل آئی لینڈرز نے اپنے نام کیے۔ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مجموعی طور پر ایشیا کپ کے 14ویں باہمی میچ میں مقابل ہونگی، اس سے قبل 13میچزمیں آئی لینڈرز نے 9 اور گرین شرٹس نے 4 میں کامیابی حاصل کی، مختلف گرائونڈز میں ہونے والے ون ڈے مقابلوں میں جیت کے تناسب سے پاکستا ن کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں میں اب تک 138میچز کھیلے گئے جس میں گرین شرٹس نے 80اور آئی لینڈرز نے 53 میں فتح پائی، ایک مقابلہ ٹائی ہوا جبکہ 4کا نتیجہ نہیں نکل سکا، بنگلہ دیش کی سرزمین پر 5 باہمی میچز میں پاکستان نے 3اور سری لنکا نے 2جیتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں