فنکار سرحدوں کا محتاج نہیں ہوتا اعجاز خان

رام گوپال ورما میرے محسن ہیں جنہوں نے مجھے اپنی فلم کے ذریعے متعارف کروایا،بھارتی اداکار


Javed Yousuf March 08, 2014
’’یارب ‘‘یادگارفلم ہے ،پاکستانی اداکارمنظرصبہائی کی پرفارمنس نے متاثرکیا،بھارتی اداکار فوٹو : فائل

فنکار سرحدوں کا محتاج نہیں ہوتا، فلم ''یارب '' میرے کیرئیر کی یادگار فلم ہے جس میں پاکستانی اداکار منظر صبہائی کی اداکاری نے متاثر کیا ۔

ان خیالات کا اظہار بالی ووڈ اداکار اور بگ باس سیزن 7میں تیسرے نمبر پرآنیوالے اعجاز خان نے ممبئی سے ٹیلیفون پر نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اعجاز خان نے کہا کہ فلمی اداکار کہلانا ہر فنکار کی خواہش ہوتی ہے اور میں بھی بالی ووڈ انڈسٹری کا حصہ بن کر بے حد خوش ہوں۔ فلمی کیرئیر کا آغاز رام گوپال ورما کی فلم '' رخت چترا'' سے کیا جس میں میرا کردار مختصر مگر پاورفل تھا اس کے بعد مجھے ''اللہ کے بندے'' اور ''بڈھا ہوگا تیرا باپ'' فلموں میں میری پرفارمنس کو سراہا گیا۔ان فلموں کو سائن کرتے ہوئے میرے ذہن میں صرف یہ تھا کہ فنکار کے لیے کردار چھوٹا بڑا کوئی معنی نہیں رکھتا ، بلکہ اس کی کردار نگاری اسے بڑا بناتی ہے۔

اعجاز خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں اپنی محنت اور جدوجہد سے آگے بڑھ رہاہوں۔ رام گوپال ورما میرے محسن ہیں جنہوں نے مجھے اپنی فلم کے ذریعے متعارف کروایا۔ انھوں نے کہا کہ ہندی کے ساتھ تیلگو فلمیں بھی کر رہا ہوں۔ ہدایتکار حسنین حیدرآباد والہ نے مجھے ''یارب '' کے مرکزی کردار میں سائن کیا جس میں ایک فرض شناس پولیس آفسر روی سنگھ کا کردار نبھا یا ہے جس میں پاکستانی اداکار منظر صبہائی نے بھی اہم کردار نبھایا ہے۔جن کی پرفارمنس کا میرے سمیت پوری کاسٹ گرویدہ ہوگئی ہے۔پاکستان آنے کے حوالے سے اعجاز خان نے کہا کہ فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اگر کبھی مجھے موقع ملا تو ضرور آؤں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں