عنقریب بجلی میں اضافے کا تیسرا کرنٹ لگے گا شیخ رشید
ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اب نواز شریف کی واپسی کا منتظر ہے، سابق وزیر داخلہ
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ایک مہینے میں درآمدی بل 100 فیصد بڑھ گیا، سات ارب ڈالرز کے ریزرو، ایک ارب کی ترسیلات اور 500 ملین ایکسپورٹ کم ہوگئی ہیں۔
اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ڈالر 210 روپے کا ہوگیا ہے، ایل این جی مہنگی خریدی گئی، آئی ایم ایف کے معاہدے کے لیے امریکا کے پاؤں پڑ رہے ہیں، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اب نواز شریف کی واپسی کا منتظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت مفاد پرستوں کا دوسرا نام ہے، انہیں صرف اپنے کیسز کے ختم کرانے کی فکر ہے غریبوں کی نہیں، خدا خیر کرے اب آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی کمان سنبھال لی ہے، عنقریب بجلی میں اضافے کا تیسرا کرنٹ لگے گا، ملک کی فارن ترسیلات، فارن ریزرو اور روپے کی گراوٹ کی کمی کی انہیں کوئی فکر نہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پنجاب کے ایک صوبے میں دو اسمبلیوں کے اجلاس ہورہے ہیں، پنجاب میں 20 منحرف اراکین کا الیکشن ایک ووٹ کی اکثریت سے حکومت کا فیصلہ کرے گا، حالات جتنے تیزی سے خراب ہورہے ہیں اس پر سپریم کورٹ کو سوموٹو لینا چاہیے، میں آج شام 9 بجے لال حویلی سے اندرونی اور بیرونی سازشوں پر تفصیلی بات کروں گا۔