لاہور ائیرپورٹ پر پرندوں کی بھرمار ایئرلائنز کو خود احتیاط برتنے کی ہدایت

کپتان لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران خود ہی احتیاط کریں، سی اے اے

فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی بھرمار کی وجہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ائیرلائنز کو خود احتیاط برتنے کی ہدایت کر دی۔

سی اے اے نے کپتانوں کے لیے نوٹم جاری کر دیا جس کے مطابق مون سون کے باعث ائیرپورٹ کی حدود میں پرندوں کی بھرمار ہے، رن وے اور اطراف میں پرندے بہت زیادہ تعداد میں موجود ہیں لہٰذا کپتان لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران خود ہی احتیاط کریں۔

حکام کے مطابق ایئر پورٹ کے اطراف میں ہوٹلوں اور کچرہ کنڈیوں کے باعث جابجا پرندے موجود ہیں، ضلعی انتظامیہ کو تحریری آگاہ کرنے کے باوجود کوئی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا۔


واضح رہے کہ رواں ہفتے کے دوران تین جہازوں کے انجن پرندے ٹکرانے کے باعث ناکارہ ہوئے۔

دوسری جانب، لاہور ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ، ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کے کپتانوں کی مسلسل شکایات پر وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے آج چھٹی کے روز دوپہر 2 بجے لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

اجلاس میں سول ایوی ایشن اور پی آئی اے افسران وفاقی وزیر کو رن وے سے پرندے بھگانے کے ایشو پر بریفنگ دیں گے۔
Load Next Story