کراچی کی جیل میں قید 20 بھارتی ماہی گیر رہا

ماہی گیروں کو بذریعہ بس لاہور لے جایا جائے گا اور واہگہ بارڈر پر انہیں بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا

فوٹو ایکسپریس

لاہور:
کراچی کے علاقے ملیر جیل میں قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا گیا اور انہیں فلاحی ادارے کی جانب سے واپسی کپڑے، نقد رقم بھی فراہم کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ ملیر میں قائم جیل میں قید بیس بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا گیا ، رہائی کے بعد انھیں بس کے ذریعے لاہور لے جایا گیا جہاں واہگہ بارڈر پر انھیں بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

فلاحی ادارے ایدھی فاؤنڈیشن نے بھارتی ماہی گیروں کے سفری اخراجات خود برداشت کیے جبکہ انہیں رہائی ملنے پر کپڑے ، راشن ، ضروری اشیا اور نقد رقم بھی ایدھی فائونڈیشن نے بطور تحفہ دیں۔

مذکورہ ماہی گیروں کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا، جس کے بعد انہیں قانون کے تحت سزا سنائی گئی تھی اور اب سزا ختم ہونے کے بعد انہیں رہائی دی گئی۔


رہائی پانے والوں میں کانجی ، مانو ، دانا ، جیوا ، رمیش ، دنیش ، ڈیوس ، میرو ، نارائن ، بھنرا ، لال جی ، نان جی ، ابو عمر ، یونس ، نثار ، عقیل ، امین ، فرید ، انیس اور دنیش شامل ہیں ۔

ڈسٹرکٹ ملیر جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ محمد ارشد نے بتایا کہ بھارتی ماہی گیر جب گرفتار کرکے جیل منتقل کیے گئے تو انھیں مروجہ قوانین کے مطابق تمام تر سہولتیں فراہم کی گئیں، ان کے ساتھ نرمی برتی گئی اس کے علاوہ انہیں قونصلر تک رسائی بھی دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ تمام شواہد اور ثبوت ملنے کے بعد محکمہ داخلہ کے ذریعے ان کی رہائی کے مراحل مکمل کیے گئے اور اتوار کی صبح انھیں جیل سے رہا کردیا گیا۔

اس موقع پر ایدھی فائونڈیشن کی جانب سے سعد ایدھی جیل میں موجود تھے جنہوں نے تمام امور کی نگرانی کی۔
Load Next Story