فائنل میں فتح وسیم اکرم نے فیلڈنگ میں جان لڑانے کا مشورہ دے دیا

افتتاحی میچ میں شکست ماضی کا حصہ بن گئی، ٹیم دباؤ نہ لے، سابق کپتان


Sports Reporter March 08, 2014
لسیتھ مالنگا کو مفت میں وکٹوں کا تحفہ دینے سے گریز کرنا ہوگا، باسط علی۔ فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ایشیا کپ فائنل میں فتح کیلیے فیلڈنگ میں جان لڑانے کا مشورہ دے دیا، دوسری جانب باسط علی نے کہا کہ لسیتھ مالنگا کو احتیاط سے کھیلنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وسیم اکرم نے کہا کہ پروفیشنل کھلاڑیوںکو گذشتہ میچ کا کوئی دباؤ نہیں لینا چاہیے، آئی لینڈرز کے ہاتھوں ایونٹ کے افتتاحی میچ میں شکست ماضی کا حصہ بن گئی، ہفتے کو ایک نئے عزم اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا،انھوں نے کہا کہ اکثر بڑے ایونٹس کے فائنلز میں پاکستان آئی لینڈرز پر حاوی ہوجاتا ہے، مصباح الحق اور مینجمنٹ بھرپور قوت سے ٹکرانے کی پالیسی بنائیں تو حریف ٹیم بیک فٹ پر آجائے گی۔ انھوں نے کہاکہ ایونٹ میں گرین شرٹس کی بولنگ اور بیٹنگ مجموعی طور پر اچھی رہی تاہم فیلڈنگ میں جان لڑائے بغیر بات نہیں بنے گی، اس شعبے میں کمزوری کی وجہ سے بولرز کے بھی حوصلے پست ہوسکتے ہیں۔

سابق ٹیسٹ بیٹسمین باسط علی نے کہاکہ مالنگاکو مفت میں وکٹوں کا تحفہ دینے سے گریز کرنا ہوگا، خوامخواہ اننگز کمزور کرنے والے غلط اسٹروکس کھیلنے کے بجائے پارٹنر شپ بنانے پر توجہ مرکوز رکھی جائے، پاور پلے لینے کیلیے بھی زیادہ انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، جب بھی کوئی اچھی شراکت بنے اور رنز بنانے کا موقع ہواس سہولت سے فائدہ اٹھالیا جائے، انھوں نے کہا کہ ٹاپ آرڈر اچھی بنیاد فراہم کردے تو شاہد آفریدی، عمر اکمل اور صہیب مقصود جیسے بیٹسمینوں کو پاور پلے کی ضرورت نہیں پڑتی، فیلڈرز جہاں بھی ہوں، تینوں رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ باسط علی کے مطابق سری لنکن لیفٹ ہینڈرز کو قابو کرنے کیلیے ہمارے بولرز اوور دی وکٹ آکر گیند پھینکیں تو اچھا رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں