ٹی 20 رینکنگ حفیظ کی نمبر ون پوزیشن کیلیے کوئی چیلنج نہ بن سکا

آفریدی ٹاپ 5 کے آخری شریک، سعید اجمل کیلیے دوسرے بہترین بولر کا اعزاز


Sports Desk March 08, 2014
آفریدی ٹاپ 5 کے آخری شریک، سعید اجمل کیلیے دوسرے بہترین بولر کا اعزاز۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

آئی سی سی ٹی 20 کی نئی رینکنگ میں پاکستانی کپتان محمد حفیظ کی نمبر ون پوزیشن کیلیے کوئی چیلنج نہ بن سکا۔

ایشیا کپ میں جارحانہ چھکوں سے دھوم مچانے والے شاہد آفریدی مختصر طرز کی کرکٹ میں پانچویں بہترین آل رائونڈر بنے ہوئے ہیں،16 مارچ سے بنگلہ دیش میں شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 سے قبل آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جبکہ انگلینڈ و ویسٹ انڈیز 3،3 میچز کی سیریز کھیلیں گے، اس کے نتائج ان ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں اثرانداز ہوسکتے ہیں، موجودہ رینکنگ میں سری لنکا ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے، بھارت دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر موجود رہا،آخرالذکر چاروں ٹیموں کو محض 8 ریٹنگ پوائنٹس نے دور کررکھا ہے، ویسٹ انڈیز پانچویں، آسٹریلیا چھٹے، نیوزی لینڈ ساتویں ، انگلینڈ آٹھویں، آئرلینڈ نویں اور بنگلہ دیش 10ویں پوزیشن پر ہے، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے پاس آنے والی سیریز میں کلین سوئپ کی صورت اپنی پوزیشنز بہتر بنانے کا موقع ہے۔

جنوبی افریقہ بھی تمام میچز جیت کر بھارت سے دوسری پوزیشن چھین سکتا ہے، ویسٹ انڈیز سیریز جیتنے پر اپنی موجودہ پوزیشن برقرار رکھ پائے گا۔ بیٹنگ میں کیوی کپتان برینڈن میک کولم نمبرون ہیں، انگلینڈ کے الیکس ہیلز دوسرے اور بھارتی بیٹسمین ویرت کوہلی تیسری پوزیشن پر رہے، کپتان محمد حفیظ 18ویں درجے کے ساتھ ٹاپ 20 میں شریک واحد پاکستانی ہیں، بولنگ میں ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کا پہلا نمبر ہے،پاکستانی جادوگر بولر سعید اجمل دوسری پوزیشن پر قدم جمائے ہوئے ہیں،اجنتھامینڈس تیسرے، ناتھن میک کولم چوتھے، محمد حفیظ پانچویں اور شاہد آفریدی11ویں نمبر پر ہیں۔آل رائونڈرز میں حفیظ کی حکمرانی قائم ہے، شین واٹسن دوسرے، یوراج سنگھ تیسرے، شکیب الحسن چوتھے اور شاہد آفریدی پانچویں نمبر پر رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں