بھارتی ریاستی دہشت گردی میں 3 کشمیری نوجوان شہید تعداد 7 ہوگئی

حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں 30 سے زائد نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے

بھارتی فوجیوں نے گھروں میں گھس کر خواتین سے بدتمیزی کی:فوٹو:فائل

کراچی:
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید تین نوجوانوں کوشہید کردیا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ میں نام نہاد سیکورٹی آپریشن کی آڑ میں دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔دونوں نہتے کشمیری نوجوانوں کو گھر گھر تلاشی اورمحاصرے کے دوران شہید کیا گیا۔


دوسری جانب پلواما میں چادر اورچار دیواری کے تقدس کی دھجیاں اڑاتے ہوئے گھرمیں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید ہوگیا۔ بھارتی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا۔گھروں میں گھس کر خواتین سے بدتمیزی کی اوربچوں کو ہراساں کیا۔

قابض بھارتی فوجیوں نے نام نہاد آپریشن کے دوران متعدد گھروں کوبھی نقصان پہنچایا۔ کپواڑہ ، پلواما اورنواحی علاقوں میں موبائل اورانٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے اورمحاصرہ جاری ہے۔

بھارت کی دہشتگرد فورسز گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 7 نوجوانوں کوشہید کرچکی ہیں ۔
Load Next Story