پارکس اور کھیل کے میدانوں میں قائم تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع

غیر قانونی شادی ہالز کو فوری مسمار کیا جائے، غفلت برتنے پر ایڈمنسٹریٹر وسطی کومعطل کردیا ہے، شرجیل انعام میمن

ہاکی گرائونڈ اوررفاہی پلاٹ پر قائم شادی ہالز پر چھاپے، میونسپل کمشنروسطی لطیف لودھی کو شوکاز نوٹس بھی جاری۔ فوٹو: فائل

وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پارکس، کھیل کے میدانوں اوررفاہی پلاٹس پر قائم شادی ہالز اور دیگر تجاوزات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

عدالتوں سے استدعا ہے کہ وہ تجاوزات قائم کرنے والوں کو حکم امتناع نہ دیں، تمام غیر قانونی شادی ہالز کو فوری طور پر مسمار کیا جائے اور ایسا نہ کرنے والے افسران کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا،7 روز میں پارکس میں قائم تجاوزات کے خاتمے کا وقت دیا تھا اور اس کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کا آغاز کردیا ہے، وہ جمعہ کو نارتھ ناظم آباد کے ہاکی گرائونڈ میں قائم غیر قانونی شادی ہال اور ناظم آباد میں رفاہی پلاٹ پر قائم شادی ہال پر چھاپے کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے، صوبائی وزیر نے اس موقع پر غفلت برتنے پر میونسپل کمشنروسطی لطیف لودھی کو شوکاز نوٹس جبکہ ایڈمنسٹریٹر سینٹرل کمال مصطفیٰ کو فوری طور پر معطل کرنے کے بھی احکام دیے اور متعلقہ افسران کو تمام غیر قانونی شادی ہالز کو فوری طور پر مسمار کرنے کے بھی احکام جاری کیے۔


اس موقع پرشرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل تمام اضلاع کے افسران کو شہر میں پارکس اور رفاہی زمینوں پر قائم شادی ہالز اور شہر میں سڑکوں کے درمیان پولز پر موجود سائن بورڈز اور اوور سائز سائن بورڈز کے خاتمے کی ہدایت کی گئی تھی، اس حوالے سے شہر میں سرپرائز وزٹ کا سلسلہ شروع کردیا ہے، نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد میں2 غیر قانونی شادی ہالز پر چھاپے مارے گئے ہیں، جن میں سے ایک شادی ہال ہاکی گرائونڈ میں جبکہ ایک رفاہی پلاٹ پر قائم کیا گیا ہے،انھوں نے کہا کہ ہاکی گرائونڈ پر قائم شادی ہال کو فوری طور پر مسمار کرنے جبکہ ناظم آباد میں قائم رفاعی پلاٹ پر قائم شادی ہال کے حوالے سے رپورٹ میونسپل کمیشنر سینٹرل سے 3 روز میں طلب کرلی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ کسی قسم کی کوئی غفلت برداشت نہیں کریں گے اور اسی لیے انھوں نے ایڈمنسٹریٹر سینٹرل کو فوری طور پر معطل کرنے جبکہ میونسپل کمیشنر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے، انھوں نے کہا کہ ہم کراچی کو اس کے ماسٹر پلان کے تحت جن مقاصد کے لیے جو زمین مختص کی گئی ہے اسے اسی مقصد میں استعمال کے قابل بنائیں گے اور اس شہر کی خوبصورتی پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ حکومتی رٹ کو پر صورت قائم رکھا جائے گا اور جن جن علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ نہیں کیا جائے گا ان علاقوں کے افسران کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا، ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے میں مشکلات عدالتوں کی جانب سے ان تجاوزات کے قائم کرنے والوں کو حکم امتناع دینا بھی ہے، انھوں نے کہا کہ میں معزز عدالتوں سے استدعا کرتا ہوں کہ وہ تجاوزات قائم کرنے والوں کو حکم امتناع نہ دیں اور اگر کسی کو حکم امتناعی دیا جائے تو اس حوالے سے حقائق کو مدنظر رکھا جائے۔
Load Next Story