کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ہنگامہ آرائی ریٹرننگ افسر اور ایس ایس پی اسلام آباد طلب

افسران این اے 240 میں بیلٹ چوری کی رپورٹ کے ساتھ 22 جون کوپیش ہوں،الیکشن کمیشن

تینوں افسران ذاتی حیثیت میں پیش ہوں،الیکشن کمیشن، فائل : فوٹو

ISLAMABAD:
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 240 کورنگی کے ضمنی انتخاب کے دوران ہنگامہ آرائی اور بیلٹ پیپر چوری ہونے کے واقعات پرریٹرنگ افسر سمیت دیگر عملہ کو اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر عبدالرزاق،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر خدا بخش اور ایس ایس پی کورنگی فیصل بشیر میمن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں اسلام آباد طلب کرلیاہے، تینوں افسران کو علیحدہ علیحدہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔


این اے 240 کے ریٹرننگ افسر و الیکشن کمشنر کورنگی عبدالزاق اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر خدا بخش کو دیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 16 جون کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کے ضمنی انتخاب کی پولنگ کے دوران تشدد کے ناخوشگوار واقعات اور محمد علی جناح اسکول لانڈھی میں بنائے گئے پولنگ اسٹیشن نمبر 87 سے بیلٹ پیپر چوری ہونے کے معاملے کی رپورٹ کے ساتھ 22 جون کو الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں 10 بجے صبح پیش ہوں۔

الیکشن کمیشن نے ایس ایس پی کورنگی فیصل بشیر میمن کو بھی پولنگ کے دوران امن و امان اور پرتشدد واقعات سے متعلق رپورٹ کے ساتھ 22 جون کو اسلام آباد طلب کیا ہے، تینوں افسران کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
Load Next Story