FATF پر کامیابی پاکستان کی کامیابی

آپ کو علم تو ہو گیا ہوگا کہ ہم نے FATF کے ڈر سے 34 ’’ناقابل برداشت ‘‘ اور مشکل ترین شرائط پوری کردی ہیں

ali.dhillon@ymail.com

ISLAMABAD:
ویسے یہ بھی درست ہے کہ ہم جیسے بگڑے ہوئے ممالک کو ٹھیک کرنے کے لیے دنیا میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) جیسی تلوار رکھی گئی ہے، ورنہ کون کہتا ہے کہ ہم سدھرنے والے ہیں، کون کہتا ہے کہ ہم منی لانڈرنگ پر آسانی سے قابو پا سکتے ہیں، کون کہتا ہے کہ ہمارے لوگ دہشت گردوں کی معاونت کرنا بند کر سکتے ہیں۔

ایمانداری سے بتائیں کہ اگر ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر عمل درآمد نہ کرنا ہوتا تو دہشت گردوں کو سزائیں ہوتیں؟ ہر تنظیم یا ادارہ اپنے آپ کو ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کروا کر اپنے کھاتے درست کرتا؟ کالعدم تنظیموں کو لگام ڈالی جاتی؟ نہیں نا! مطلب ہم ہر جگہ ڈنڈے کے یار ہیں!

خیر آپ کو علم تو ہو گیا ہوگا کہ ہم نے FATF کے ڈر سے 34 ''ناقابل برداشت '' اور مشکل ترین شرائط پوری کردی ہیں۔ اگر یہ شرائط پوری نہ کرتے تو ہم یا تو گرے لسٹ میں ہی پڑے رہتے یاخاکم بدہن بلیک لسٹ کر دیے جاتے۔ خیر ابھی بھی گرے لسٹ میں ہی ہیں مگر شنید ہے کہ ہم یہاں سے باہر نکل آئیں گے۔ آگے چلنے سے پہلے اگر ہم ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہم اکیلے شامل نہیں ہیں۔ پاکستان کے علاوہ 22ممالک گرے لسٹ میں شامل ہیں۔ البانیا، بارباڈوس، کمبوڈیا، جبرالٹر، جمیکا، مصر، مالی، موروکو، میانمار، پاناما، فلپائن، سینیگال، ترکی، یو اے ای، یمن، شام اور یوگنڈا وغیرہ بھی گرے لسٹ میں شامل ہیں۔

جب کہ اس کے علاوہ ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ بھی ہے جس میں صرف دو ممالک ایران اور شمالی کوریا شامل ہیں۔ ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں ہونے کا مطلب ہے کہ آپ دنیا کے کسی قانون کو نہیں مانتے۔ تبھی آپ کے ملک میں نہ تو باہر سے انویسٹمنٹ آتی ہے اور نہ ہی آپ کسی دوسرے ملک سے لین دین کر سکتے ہیں۔ ہاں اگر کوئی ملک ان ممالک سے چوری چھپے یا سامنے آکر لین دین کرتا ہے تو وہ اُس کا خود ذمے دار ہوتا ہے۔

لہٰذااگر آپ ''گرے لسٹ'' میں ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ٹھیک ہونا چاہتے ہیں اور اس کے لیے آپ تگ و دو بھی کر رہے ہیں اور پرعزم بھی ہیں۔اور اگر آپ گرے لسٹ سے نکل جاتے ہیں تو بہت سے ممالک آپ کے ملک میں انویسٹمنٹ کریں گے ۔ بڑی بڑی کمپنیاں آئیں گی اور اربوں ڈالر کے پروجیکٹس لگائیں گی۔

لہٰذایہFATFوالا سسٹم میرے خیال میں اچھا ہے، ورنہ ہم جیسے ممالک جنھوں نے خود کو نہ سدھارنے کی قسم اُٹھا رکھی ہے۔ وہ کبھی راہ راست پر نہ آتے ۔ لیکن اس میں ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا صدر دفتر چونکہ یورپ میں ہے، یورپ امریکا کے زیر سایہ ہے، اور امریکا میں انڈین لابی مضبوط ہے۔ اس لیے بعض لوگوں کا خیال ہے کہ ہمیں انڈین لابی کی طرف سے بہت سے خدشات ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ ہم معاشی طور پر خوشحال ہوں یا ہم گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آجائیں۔ یا کچھ لوگ تو یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف کے اگلے صدر ٹی راجہ کمار کا تعلق انڈیا سے ہے جو اگلے دو سال کے لیے اس بڑی آرگنائزیشن کا صدر منتخب ہونے جا رہے ہیں۔


ٹی راجہ کمار کے پاس سنگاپور کی شہریت ہے مگر پیدا بھارت میں ہوئے تھے اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمودقریشی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ انڈیا فیٹف کے فورم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے۔لیکن میری رائے ان سب خدشات سے ذرا مختلف ہے، وہ کیسے؟ وہ اس طرح کہ سب سے پہلے ہمیں خود احتسابی کرنا ہوگی کہ کیا ہم نے مکمل طور پر منی لانڈرنگ پر قابو پا لیا ہے؟ چلیں مکمل طور پر منی لانڈرنگ تو شاید امریکا یا یورپ میں بھی ختم نہ ہوسکی ہو مگر کیا ہم منی لانڈرنگ کے 90فیصد خاتمے کے لیے پراعتماد ہو چکے ہیں؟ یا کیا ہم نے اس ملک میں دہشت گردی پر مکمل قابو پا لیا ہے؟ یا سب سے بڑھ کر ہم نے کرپشن پر قابو پالیا ہے؟

اگر یہ سارے سوالوں کے جواب ہاں میں ہیں تو پھر آپ کہہ سکتے ہیں کہ ہم ٹھیک ہوچکے ہیں کیونکہ انڈیا نہیں چاہتا کہ ہم گرے لسٹ سے باہر نکلیں۔لیکن اگر جواب ناں میں ہے تو پھر ہمیں خود احتسابی کرنا ہوگی۔ ہاں! لابنگ کا اثر ضرور ہوتا ہے لیکن اگر آپ پراعتماد ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت آپ کو نیچا نہیں دکھا سکتی۔

لیکن فی الوقت تو حیرت اس بات کی ہے کہ وطن عزیز میں ن لیگ کیا، تحریک انصاف کیا ، پیپلز پارٹی کیا ہر جماعت ''کریڈٹ'' لینے کے لیے بے تاب نظر آرہی ہے، حالانکہ دیکھا جائے تو میرے خیال میں تحریک انصاف اس کی زیادہ مستحق اس لیے بھی ہے کیوں کہ ان کے دور میں ہی ایف بی آر میں FATF سیل قائم کیا گیا' تحریک انصاف ہی کے دور میں اہداف کو پورا کرنے کے لیے سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک باڈی تشکیل دی۔ پھر اسی دور میں وزارت داخلہ میں بھی FATFسیل قائم کیاگیا۔ پھر تحریک انصاف ہی کے دور میں ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے 6بل منظور کیے گئے۔ پھر انھی کے دور میں حافظ سعید اور ذکی الرحمان لکھوی کو سزا سنائی گئی۔ پھر انھی کے دور میں ہی FIAمیں بھی FATFسیل قائم کیا گیا تاکہ آن لائن فراڈ وغیرہ کو روکا جاسکے۔ اور پھر انھی کے دور میں 4جولائی 2021کو نیب میں بھی دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ایک سیل قائم کیا گیا۔

اور پھر اس کے ساتھ ساتھ پاک فوج کو بھی کریڈٹ دیا جانا چاہیے بلکہ افواج پاکستان نے اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کیا اور حکومت اور قومی اداروں کے ساتھ مل کر تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنایا۔ اس حوالے سے حکومت سے مشاورت کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف کے احکامات پر 2019 میں جی ایچ کیو میں DGMO کی سربراہی میں اسپیشل سیل قائم کیا۔جی ایچ کیو سیل نے جب اس کام کی ذمے داری سنبھالی تو اس وقت صرف 5 نکات پر پیشرفت تھی اس سیل نے 30 سے زائد محکموں، وزارتوں اور ایجنسیز کے درمیان کوآرڈینیشن میکنزم بنایا ہر پوائنٹ پر ایک مکمل ایکشن پلان بنایا اور اس پر ان تمام محکموں، وزارتوں اور ایجنسیز سے عمل درآمد بھی کروایا۔جی ایچ کیو میں قائم سیل نے دن رات کام کرکے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فائننسنگ پر ایک مؤثر لائحہ عمل ترتیب دیا، جس کی وجہ سے ایف اے ٹی ایف میں کامیابی حاصل ہوئی، پاکستان نے اپنا 2021 کا ایکشن پلان ایف اے ٹی ایف کی طرف سے مقرر کردہ ٹائم لائنز یعنی جنوری 2023 سے پہلے مکمل کر لیا۔

بہرکیف یہ ایک کامیابی ہے، اور اب ستمبر تک رسمی واچ لسٹ پر ہیں جس کے مطابق ایف اے ٹی ایف ٹیمیں ستمبر 2022 تک پاکستان میں اینٹی منی لانڈرنگ (AML) اور کاؤنٹر ٹریرسٹ فائناسنگ (CFT) سسٹمز کی پائیداری اور ناقابل واپسی کو چیک کرنے کے لیے جلد ہی آن سائٹ وزٹ کریں گی، جس کے بعد 22 اکتوبر تک وائٹ لسٹنگ کی راہ ہموار ہو گی۔ اُمید ہے پاکستان اس میں بھی یقینی طور پر کامیاب ہوگا، اور ہم پر لگے الزامات کے بادل جلد ہی چھٹ جائیں گے، اور پاکستان میں جلد ہی بیرون ملک سے سرمایہ کاری آئے گی۔

کہا جاتا ہے کہ شکست یتیم ہوتی ہے اور فتح کے بہت سے والی وارث ہوتے ہیں لہٰذاوالی وارث ہونا اچھی بات ہے، مگر ہمیں ایک بات ضرور سمجھنا ہوگی کہ ابھی بہت سے چیلنجز ہیں جنھیں فتح کرنا ہے !لیکن اگرہم یونہی کریڈٹ کے چکر میں لڑتے رہے تو پھر کوئی ملک کا نہیں سوچے گا اور نہ ہی اس ملک میں خوشحالی آنے دے گا۔
Load Next Story