دل سے اسلام قبول کیا پسند کی شادی ہوئی فریال شاہ

پرسکون زندگی گزار رہی ہوں، کوئی پچھتاوا نہیں لہٰذا افواہیں نہ پھیلائی جائیں، فریال شاہ


Shabbir Bhatti March 08, 2014
پرسکون زندگی گزار رہی ہوں، کوئی پچھتاوا نہیں لہٰذا افواہیں نہ پھیلائی جائیں، فریال شاہ فوٹو: ایکسپریس

اسلام قبول کرنے کے بعد پسند کی شادی کرنے والی میرپورماتھیلو کی رہائشی فریال شاہ (سابقہ رینکل کماری) نے اپنی ازدواجی زندگی کو خوش وخرم قراردیتے ہوئے میڈیا میں آنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر سید نوید شاہ اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ اپنی زندگی بہتر اور پرسکون طور پر گزار رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اپنے فیصلے پر کسی قسم کا کوئی پچھتاوا نہیں، ماضی میں کوئی دبائو تھا نہ اب ہے، مرضی سے اسلام قبول کیا اور سید نوید شاہ کے ساتھ پسند کی شادی کی،اللہ پاک نے انھیں بیٹی عطا کی جو 2 ماہ کی ہے،نوید شاہ کے گھر میں ماں باپ جیسا پیار مل رہا ہے، میرپور ماتھیلو میں ہی رہ رہے ہیں کہیںاور منتقل نہیں ہوئے۔اپنی زندگی مرضی کے مطابق ہی بسر کرنا چاہتی ہوں جو افراد من گھڑت افواہیں پھیلا رہے ہیں ان سے التجا ہے کہ وہ ایسا نہ کریں۔

اس موقع پر ان کے شوہر سید نوید شاہ نے کہاکہ وہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور فریال کواسلام سے لگائو تھا، اس لیے اس نے قبول کرکے شریعت کے مطابق نکاح کیا، بات سپریم کورٹ تک گئی، سپریم کورٹ نے بھی ان کے حق میں فیصلہ دیا اب اس بحث کو ختم ہوجانا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ میڈیا میں من گھڑت خبریں شائع کرائی جاتی ہیں، جن پرانھیں افسوس ہوتا ہے،ایسا نہیں ہونا چاہیے، کچھ لوگ اس ایشو کوزندہ رکھ کراپنی دکانداری چمکا رہے ہیں جس سے انھیںکچھ بھی حاصل نہیں ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں