ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ایک شخص جاں بحق

بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوگئی اور موسم خوش گوار ہوگیا۔


ویب ڈیسک June 21, 2022
بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوگئی اور موسم خوش گوار ہوگیا۔ فوٹو:فائل

پنجاب، کے پی، بلوچستان، کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور، ملتان،خانیوال،مظفر گڑھ،ڈی جی خان، وہاڑی، ساہیوال، اوکاڑہ، لودھراں ، مانگا منڈی، فورٹ عباس، کالاشاہ کاکو، بورےوالا ، سرائے مغل، مانانوالہ، بندبوسن ، پشاور ، راولاکوٹ، باجوڑ ، شیر گڑھ مردان ،سوات ، مری ، میرپور، شہرچیچیاں ، سخاکوٹ، ڈڈیال اور چکسواری میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوگئی اور موسم خوش گوار ہوگیا۔

ابر رحمت برسنے پر گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ مردان کے علاقے رستم میں مساجد اور گھروں میں شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے۔

انتظامیہ کی نااہلی اور ناقص انفراسٹرکچر کی وجہ سے ناخوشگوار واقعات بھی پیش آئے۔ اوکاڑہ میں تھانہ صدر کی حدود میں واقع نواحی گاٶں 6ون اے ایل میں بارش کے باعث گھر کی دیوار گر گئی جس سے ایک شخص دیوار کے نیچے دب جانے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔ سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے کئی مقامات پر نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں گلیوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔

متعدد علاقوں میں تیز آندھی اوربارش کے باعث فیڈر ٹرپ کر گئے اور کئی کئی گھنٹے کے لیے بجلی غائب ہوگئی جس کے نتیجے میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بھکر میں طوفانی بارش سے بجلی کے کھمبے گر گئے اور درخت اکھڑ گئے جبکہ سیوریج سسٹم بھی ناکارہ ثابت ہوا۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے سڑکوں پر گرے ہوئے کھمبوں ،درختوں کو ہٹانے کا عمل جاری ہے۔

ادھر کوٹلی آزاد کشمیر میں آج تیسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید بارشوں سے لینڈ سلائڈنگ اورندی نالوں میں طغیانی کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ فورٹ عباس شہر اور ملحقہ چولستان میں باران رحمت کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے۔

دیر لوئر میں بارشوں سے ندی نالیوں میں طغیانی آگئی اور دریائے پنچکوڑہ میں نچلے سطح کا سیلاب ہے۔ بالائی علاقوں میں اکثر رابطہ سڑکیں پانی میں بہہ گئیں جس سے لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دکی سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں سیلابی ریلے آگئے۔

سوات کے بالائی علاقوں میں بارش سے سردی لوٹ آئی اور ٹھنڈے و سہانے موسم سے لطف اندوز ہونے سیاح وادی کے تفریحی مقامات پر پہنچ گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں