نیشنل رینکنگ ٹینسعقیل خان اور جلیل فائنل میں مقابل

عابد اور احمد چوہدری ناکام، انڈر 18 ٹائٹل کیلیے مدثراورنوفل کی معرکہ آرائی ہو گی


Sports Reporter March 08, 2014
عابد اور احمد چوہدری ناکام، انڈر 18 ٹائٹل کیلیے مدثراورنوفل کی معرکہ آرائی ہو گی۔ فوٹو: فائل

چوہدری رحمت علی میموریل نیشنل رینکنگ ٹینس کے ٹائٹل کیلیے عقیل خان اور جلیل خان مقابل ہوں گے۔

پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ایونٹ کے سیمی فائنل میں عقیل خان نے محمد عابد کا قصہ 2-0 سے تمام کردیا، ٹاپ سیڈ پلیئر نے پہلا سیٹ باآسانی 6-1 سے اپنے نام کیا، دوسرے میں محمد عابد نے تھوڑی مزاحمت کی لیکن تجربہ کار کھلاڑی نے 6-3 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے فائنل میں قدم رکھ دیا،ان کا سامنا چھوٹے بھائی جلیل خان سے ہوگا جو فائنل فور میچ میں احمد چوہدری کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے زیر کرنے میں کامیاب ہوئے، جلیل کو پہلے سیٹ میں6-4 سے کامیابی ملی لیکن دوسرے میں احمد چوہدری نے شاندار انداز میں کم بیک کرتے ہوئے اسی مارجن سے فتح سمیٹ لی، آخری سیٹ میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے مابین اعصاب شکن مقابلہ ہوا جس میں ٹائی بریکر پر جلیل خان 7-6(5) سے سرخرو ہوئے۔

دوسری جانب محمد مدثر اور نوفل کلیم بوائز انڈر 18سنگلز فائنل میں پہنچ گئے، مدثر نے فائنل فور میچ میں محمد مزمل کو 6-0، 6-2سے زیر کیا جبکہ نوفل کلیم نے حسنین منظور کیخلاف6-2 6-1 سے کامیابی سمیٹی۔ مینز ڈبلز کے فائنل میں عقیل خان اور جلیل خان کا مقابلہ یاسر خان اور شہزاد خان سے ہوگا۔ سیمی فائنل میں عقیل اور جلیل پر مشتمل جوڑی نے احمد چوہدری اور ثناء اللہ خان کو 6-3 ،6-3 سے ہرایا۔ دوسرے سیمی فائنل میں یاسر خان اور شہزاد خان نے محمد عابد اور عثمان رفیق کو 6-2 6-0سے شکست دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں