عمران خان اور اُن کی اہلیہ کو کرپشن کا جواب دینا ہوگا بلاول بھٹو
عمران خان عدالتوں سے بچنے کے لیے سازش سازش کا ڈرامہ کررہے ہیں، وزیر خارجہ
لاہور:
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان نے کرپشن کے لیے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر ایک کمپنی بنائی مگر اب انہیں عدالتوں میں کرپشن کا جواب دینا ہوگا۔
لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹو کے یومِ پیدائش کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاحب نے کمپنی میں کک بیکس پہنچائے اور اُس کمپنی کے ذریعے مختلف لوگوں نے کرپشن کی۔
انہوں نے کہا کہ اب عمران خان اور اُن کی اہلیہ کو عدالتوں میں کپشن کا جواب دینا ہوگا، وہ اس سے بچنے کے لیے سازش ، سازش کی رٹ لگارہے ہیں مگر عوام نے اب اُن کا چہرہ پہچان لیا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اب عوام اور بالخصوص پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان اس جھوٹ پر یقین نہیں کریں گے اور ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائیں گے، پی پی کے کارکنان نے جیسے ماضی میں پاکستان کو مشکلات سے نکالا ویسے ہی اب عمران خان کی تیار کی گئی مشکلات سے نجات دلائیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں تمام جماعتیں ملک کی ترقی کے لیے کام کررہی ہیں، ہم سب نے جب نالائق سلیکٹڈ کو برداشت کیا تو تھوڑا وقت اتحادی جماعتوں کی حکومت کو بھی دینا چاہیے تاکہ ہم معاشی اور انتخابی ریفارمز کر کے الیکشن میں جائیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک بار یہ سارے کام مکمل ہونے کے بعد ہم پھر شہر شہر جاکر بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کا پیغام پہچانا ہے اور اپنی جیت کے لیے مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے وزیر خارجہ بننے کے بعد بہت سارے ممالک کا دورہ کیا اور پاکستان کی ساکھ کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی، ہم نے امریکا سے دو طرفہ تجارتی تعلقات بہتر کرنے کی بات کی۔