پنجاب کے ضمنی الیکشن میں لیگی امیدواروں کو فتح کی یقین دہانی کروائی جارہی ہے شاہ محمود

ضمنی انتخابات سے متعلق پنجاب حکومت کے تیور کچھ اچھے نہیں ہیں، رہنما پی ٹی آئی


ویب ڈیسک June 21, 2022
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ہر صورت فتح کی یقین دہانی کروائی گئی اور کہا گیا ہے کہ حمزہ نے ہر صورت آپ کو سیٹ دلوانی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے صوبائی حکومت کے تیور دیکھ رہا ہوں اس بار ان کا انداز کچھ مختلف دکھائی دے رہا ہے کیونکہ انہوں نے پہلے ہی جیت کا پلان تیار کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی الیکشن کمیشن کی ساکھ کو متاثر کرے گی، یہ الیکشن حمزہ شہباز کے مستقبل کا الیکشن ہے اس لیے وہ اپنی چیف منسٹری کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور لیگی امیدواروں کو کامیاب کروائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے امیدواروں کو کہا جا رہا ہے گھبرائے مت یہ الیکشن آپ کا نہیں حمزہ کا ہے اور اُس نے آپ کو ہر صورت میں یہ سیٹ دلوانی ہے، شہر کے بازاروں میں یہ موضوع چل رہا ہے الیکشن میں 18 سیٹیں ن کی اور دو سیٹیں پی ٹی آئی کی ہیں، یہ سب کیا ہے، حمزہ تمہارا مستقبل اس ضمنی انتخابات سے جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یونین کونسل کی سطح کے لوگوں کو حمزہ شہباز سے ملوایا جا رہا ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کو ریلیف دینا چاہیے لیکن حمزہ کا فوکس صرف کرسی پر ہے، حمزہ شہباز کا نعرہ ہے میری کرسی میرا مستقبل بھاڑ میں جائے پنجاب۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لاہور میں ہمارے امیدوار کے بھتیجے کو سر میں شدید چوٹ لگی، ہمارے بندوں پر جان لیوا حملہ ہوا اور مقدمہ بھی ہم پر ہوا، یہ کہاں کا انصاف ہے، گنگا الٹی بہتی ہے، حمزہ مبارک ہو تم نے ثابت کردیا کہ واقعی گنگا الٹی بہہ سکتی ہے۔ شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ میں ڈپٹی کمشنر ملتان کو مل کر آیا آ رہا ہوں شریف آدمی ہیں لیکن وہ ڈرے ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں