اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے گئے

نئی حلقہ بندیوں کے تحت الیکشن کروائے جائیں گے


کورٹ رپورٹر June 22, 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) نئی حلقہ بندیوں کے تحت الیکشن کروائے جائیں گے

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے گئے۔

مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کی اسلام آباد بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستوں پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

درخواست گزار طارق فضل چوہدری کی جانب سے عادل عزیز قاضی پیش ہوئے، انہوں نے موقف دیا کہ عدالت الیکشن کمیشن کو کہے کہ اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد کو بڑھایا جائے اور نئی حلقہ بندیوں کے مطابق انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔ جس پر الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے پر رضامندی ظاہر کردی۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک وارڈ سے دوسرے وارڈ میں ووٹ منتقلی سے متعلق بھی پٹیشنز آئی ہیں وہ بھی دیکھ لیں۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ پہلے نئی حلقہ بندیاں کریں گے پھر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول دیں گے، عدالت وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے لیے تعاون کا حکم دے کیونکہ حکومتیں بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹیں ڈالتی ہیں۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے بلدیاتی و ضمنی انتخابات میں فوج سے مدد طلب کرلی

ای سی پی نے مزید کہا کہ 65 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرکے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کریں گے، عدالت وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کا حکم دے۔

کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ 600 وارڈز میں ہم نے حلقہ بندیاں کرنی ہیں،جس میں کم ازکم دو ماہ کا وقت درکار ہوگا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 50 یونین کونسل کا الیکشن شیڈول واپس لیتے ہوئے 101 یونین کونسلز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا نوٹیفیکیشن واپس لے لیا،الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کے عدالتی حکم پر یہ اقدام کیا گیا،نئی حلقہ بندیوں کے بعدبلدیاتی انتخابات کا شیڈول دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا،بلدیاتی حلقہ بندیاں 28 جون سے 21 جولائی تک کی جائیں گی اور حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 22 جولائی کو شائع ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 23 جولائی سے 7 اگست تک ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات دائر کیے جاسکیں گے، بلدیاتی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 26 اگست کو جاری ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |