وزیراعظم کا 57 ملین ڈالر بھجوانے پر بیرون ملک پاکستانیوں کو خراج تحسین

یہ رقم بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے ایک دن میں بھجوائی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ رقم ہے

(فائل فوٹو)

RAWALPINDI:
بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ایک ہی دن میں ریکارڈ 57 ملین ڈالر بھجوانے پر وزیراعظم شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیوں کا اظہار تشکر کیا اور خراج تحسین پیش کیا ہے۔

گزشتہ روز ایک دن میں سب سے زیادہ 57 ملین ڈالر اسٹیٹ بینک کو موصول ہوئے، یہ رقم بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے ایک دن میں بھجوائی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ رقم ہے، ایک دن میں آنے والی اس رقم کے بعد روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ میں جمع کرائی جانے والی رقوم کا حجم 4.5 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ اسکیم کی مکمل حمایت اور سرپرستی کر رہی ہے اور ایک دن میں ریکارڈ رقوم بھجوانے پر بیرون ملک پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کے دل پاکستان کی محبت میں دھڑکتے ہیں۔


مزید پڑھیں؛ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک دن میں 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز جمع

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی غیرملکی زرمبادلہ کے ذریعے ہمیشہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور بہتری میں کردار ادا کرتے ہیں، آپ سے وعدہ ہے کہ موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے نکل کر آپ کی امیدوں اور توقعات پر پورا اتریں گے، مجھے پورا یقین ہے کہ آپ مستقبل میں بھی پاکستان کی مدد اسی پرخلوص جذبے سے کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے موجودہ حکومت متعدد اقدامات کر رہی ہے، ہم آپ کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
Load Next Story