فنکارہی رہنا چاہتا ہوں سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں عامر خان

فنکار اور تخلیقی شخص کی حیثیت سے میری ذمہ داری ہے کہ معاشرے کی اخلاقی تعمیر میں کردار ادا کروں، عامر خان

اپنے آپ کو سیاست کے قابل نہیں سمجھتا، عامر خان۔ فوٹو: فائل

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ ایک فنکار ہیں اور فنکار ہی رہنا چاہتے ہیں ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔


بھارتی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں مسٹرپرفیکٹ کا کہنا تھا کہ وہ ایک فنکار اور تخلیقی شخص ہیں، اس حیثیت سے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کی اخلاقی تعمیر میں کردار ادا کریں۔ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں نہ ہی اپنے آپ کو اس کے قابل سمجھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اپنے آپ کو سماجی کارکن بھی نہیں سمجھتے کیونکہ سماجی کارکن توکسی معاشرتی پہلو میں بہتری کو اپنی زندگی کا مقصد بناتا ہے اور اسی کے حصول کے لئے اپنی زندگی گزارتا ہے۔ اس لئے ان کا خیال ہے کہ جس شعبے سے ان کا تعلق ہے اسی کے ذریعے وہ معاشرے کی بہتری کے لئے کام کرسکتے ہیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ آئندہ عام انتخابات میں کوئی بھی جماعت اگر اکثریت حاصل کرنے کے بعد ملک میں کوئی تبدیلی لاسکتی ہے تاہم عام آدمی پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو یہ کہتی ہے کہ اپنی طرز حکمرانی کو عوام کو خواہشات کے مطابق ڈھالا جائے، اس کے باوجود وہ اس جماعت کی حمایت نہیں کررہے کیونکہ ابھی اسے آزمایا نہیں گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات آزادانہ اور شفاف ہونے چاہئیں اس سلسلے میں عوام کو کسی جماعت کی جانب مائل کرنا نہیں چاہتے۔
Load Next Story