سندھ اور پنجاب میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت
نئی دریافت سے ملکی توانائی کی طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی، او جی ڈی سی
ISLAMABAD:
پاکستان کے دو صوبوں پنجاب اور سندھ میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق او جی ڈی سی ایل تیل وگیس کی تلاش و پیداوار کی کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہے، کمپنی کے ماہرین نے صوبہ سندھ اور پنجاب میں تیل و گیس کی دریافت کے حوالے سے دوبڑی کامیابیاں حاصل کیں۔
ترجمان کے مطابق پہلی کامیابی سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار نم بلاک میں ملی، جہاں نم کنویں ایسٹ-1 سے یومیہ 1400 بیرل تیل جبکہ 5.02ملین مکعب کیوبک فٹ (MMSCFD) کے ذخائر دریافت ہوئے۔
علاوہ ازیں او جی ڈی سی ایل کو کلچاس بلاک صوبہ پنجاب میں کلیر شم 1 پر گیس دریافت کی دوسری بڑی کامیابی ملی۔ ترجمان کے مطابق کچلاس ایکسپلوریٹری لا ئسنس کے تحت اوجی ڈی سی ایل اور ایم پی سی ایل 50،50 فیصد کے جوائنٹ وینچر شراکت دار ہیں۔
مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں پہلی بار تیل و گیس کے ذخائر دریافت
کلچاس بلاک کلیری شم کنویں-1 سے 1.24ملین مکعب کیوبک فٹ یومیہ گیس کا ذخیرہ دریافت ہوا، جسے مقامی وسائل پر انحصار کے حوالے اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔
او جی ڈی سی ترجمان کے مطابق نئی دریافت سے اوجی ڈی سی ایل اور ملکی تیل و گیس کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، اضافی پیداوار سے ملکی توانائی کی طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔