ISLAMABAD:
اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی عوام کو خطرہ ہوا تو ہم جنگ کیلئے تیار ہیں، دنیا ایک بار پھر ہمارے فوجیوں کو بیروت، صیدا اور صور کی سڑکوں پر مارچ کرتا دیکھے گی۔
یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے لبنان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے لوگوں کو کسی فوجی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا تو وہ لبنان کا نئے سرے سے محاصرہ کر کے حزب اللہ کو بھاری نقصان پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 06 جون 1982 کو لڑی جانے والی جنگ لبنان کو یاد ہونی چاہیے، جب ہماری افواج بیروت تک پہنچ گئی تھیں، اس جنگ میں اسرائیل نے بری اور بحری محاصرہ 88 دنوں تک جاری رکھا تھا۔
صہیونی وزیر دفاع نے ٹویٹ میں لکھا کہ اگر ہمیں آج لبنان میں فوجی کارروائی کے لیے کہا گیا تو وہ زیادہ سخت ہوگی، جس میں حزب اللہ اور لبنان کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور لبنان کی سمندری حدود کا فیصلہ لبنان کے لئے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔