گوادر کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں پورا کیا جائے وزیراعظم

وزیراعظم کا گوادر میں ماہی گیروں کی کالونی کیلیے 200 ایکڑ اراضی اور کشتیوں کے لیے انجن دینے کا اعلان


ویب ڈیسک June 24, 2022
وزیراعظم کا وزیراعلیٰ بلوچستان استقبال کرتے ہوئے (فوٹو : ویڈیو گریب)

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں 100 میگاوٹ کی ایران مکران ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد رکھ دیا، انہوں ںے ماہی گیروں کو کشتیوں کے انجن فراہم کرنے کا اعلان کیا ساتھ ہی 100 بستروں پر مشتمل اسپتال بھی بنایا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچے۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزرا اسعد محمود، سید نوید قمر، شاہزین بگٹی، احسن اقبال، آغا حسن بلوچ، خرم دستگیر، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، معاونینِ خصوصی طارق فاطمی اور سید فہد حسین بھی موجود تھے۔

قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی اور وزیرِ اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے صوبائی وزراء کے ہمراہ وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور انڈس اسپتال کے درمیان گوادر میں 100 بستروں پر مشتمل بین الاقوامی معیار کے اسپتال کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی سرپرستی کی۔ گوادر میں بین الاقوامی معیار کا یہ اسپتال مقامی لوگوں کو علاج و معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرے گا۔



اسپتال کی جلد تکمیل کے بعد اس کا انتظام انڈس اسپتال سنبھالے گا۔ گوادر کے لوگوں کو علاج و معالجے کے لیے بڑے شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

وزیرِ اعظم نے گوادر بندرگاہ کے دورے کے بعد گوادر بزنس سینٹر میں مقامی ماہی گیروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں ںے ماہی گیروں کی کالونی کے لیے 200 ایکڑ اراضی مختص کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے ماہی گیروں کو کشتیوں کے انجن فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ انہیں انجن میرٹ کی بنیاد پر فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو معینہ مدت میں پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پانی اور بجلی کی فراہمی کے منصوبوں میں کسی قسم کا مزید تعطل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں 12 لاکھ گیلن یومیہ کا ڈی سیلینیشن پلانٹ جلد مکمل کیا جائے اور پانی کی گھر گھر فراہمی کےلیے پائپ لائنز کے نظام کو فی الفور بہتر کیا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منصوبوں میں تعطل اور مجرمانہ غفلت برتنے والوں کی نشاندہی کےلیے فوراً انکوائری کروائی جائے اور 62 میگاواٹ کے سولر منصوبے کے حوالے سے تین ہفتوں میں رپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سولر منصوبے اور مقامی آبادی کو سولر پینلز فراہم کرنے کے منصوبے کیلئے سولر پینلز کی پاکستان میں تیاری یقینی بنائی جائے، شہباز شریف نے گوادر میں بجلی کے بیس لوڈ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ آئندہ سالوں میں بجلی کی طلب میں اضافے اور سپلائی کیلئے جامع منصوبہ بنا کر پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تکمیل جولائی 2023 تک یقینی بنائی جائے، تربت اور کوئٹہ کے ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی پروازوں کو بحال کیا جائے اور کرایوں میں کمی لائی جائے۔

دورہ گوادر کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پورے بلوچستان میں آف گرڈ بجلی کے منصوبوں کیلئے حکمتِ عملی مرتب کی جائے اور گوادر میں انٹرنیٹ کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

گوادر میں پانی کی موجودہ طلب 3.4 ملین گیلنز پر ڈے اور سپلائی 9 ملین گیلن پر ڈے ہے. جبکہ گوادر پورٹ اتھارٹی پر 1.2 ملین گیلن پر ڈے کے پلانٹ کی بعد اسکی مجموعی استعداد 1.5 ملین گیلین پر ڈے ہو جائے گی. اسکے ساتھ ساتھ 9 چھوٹے موبائل پلانٹ بھی لگائے جائیں گے جسکے بعد پانی کی بلاتعطل فراہمی میں معاونت ملے گی.

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایران سے 100 میگاواٹ کی فراہمی کے بعد گوادر میں مجموعی طور پر بجلی کی فراہمی 170 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی جبکہ اس وقت بجلی کی طلب صرف 70 میگاواٹ ہے. سولر پینلز کی فراہمی اور آف گرڈ منصوبوں سے مقامی سطح پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی ہوجائے گی.

ایران سے مکران کی ٹرایسمشن لائن 6 ماہ جبکہ نیشنل گرڈ سے مزید 100 میگاواٹ کی فراہمی کیلئے ٹرانسمیشن لائن دسمبر 2022 تک مکمل کر لی جائے گی.

دریں اثنا وزیرِ اعظم نے 100 میگاواٹ ایران مکران ٹرانسمیشن لائن کا سنگِ بنیاد بھی رکھا اور کہا کہ یہ منصوبہ چند ماہ میں مکمل ہوجائے گا جس سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں