کراچی میں 17 کروڑ 30 لاکھ روپے کی اسمگل شدہ اشیا ضبط
اورنگی ٹاؤن میں واقع ایک گودام پر چھاپے کے دوران اسمگل شدہ 14 ہزار کلوگرام کمبل کے 217 کاٹن برآمد ہوئے
شہرقائد میں پاکستان کسٹمز اور اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت مختلف کامیاب کارروائیوں میں 17 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کرلی گئیں۔
ایکسپریس نیوز کو ذرایع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب موصولہ ایک خفیہ اطلاع پر اے ایس او ٹیم نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں واقع ایک گودام پر چھاپہ مارکر اسمگل شدہ 14 ہزار کلوگرام کمبل کے 217 کاٹن برآمد کیے جن کی مالیت دو کروڑ تیس لاکھ روپے ہے۔
حکام کی جانب سے دیگر مختلف کاروائیوں میں 15 کروڑ روپے مالیت کی اشیا ضبط کی گئیں جن میں 8 اسمگل شدہ گاڑیاں، کوکنگ آئل اور مضرصحت چھالیہ شامل ہیں۔ متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔