وزیر خزانہ کی یقین دہانی پر ایف بی آر ملازمین نے ہڑتال ختم کردی

ایف بی آر ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے وزیر خزانہ کے ساتھ مذاکرات کیے جس کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا


Ehtisham Mufti June 25, 2022
ایف بی آر ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے وزیر خزانہ کے ساتھ مذاکرات کیے جس کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا (فوٹو : فائل)

DIJKOT: وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی پر ایف بی آر ملازمین نے سات روز سے جاری قلم چھوڑ ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ساتھ مذاکرات کیے جس کے بعد انہوں نے ہڑتال ختم کردی۔ نمائندوں میں ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو علی صالح حیات راولپنڈی، نعیم شاہ اسلام آباد، آئی آر او ناصر عباسی ملتان، طاہر خاکوانی پشاور، علی جان آرٹی او بہاولپور اور آئی آر او سید تنصیر ترمذی شامل تھے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ وہ ایف بی آر ملازمین کی تنخواہیں دیگر وفاقی اداروں کے مساوی کرنے سے متعلق سفارشات پر کام کررہے ہیں تاکہ ایف بی آر ملازمین کے ساتھ زیادتیوں کا ازالہ ممکن ہوسکے۔

وفد میں شامل ایکشن کمیٹی کے ایک نمائندے نے بتایا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی طرف سے ایف بی آر ملازمین کے مطالبات پورا کرنے پر بھرپور آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خزانہ کے ساتھ مذکرات کامیاب کرانے میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، گورنر پنجاب بلیغ الرحمن اور سیاسی و سماجی شخصیت رانا طارق نے کلیدی کردار ادا کیا۔

مذاکرات میں حالیہ پیش رفت کے بعد ایف بی آر ملازمین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر ایک ذمہ دار اور فرض شناس پروفیشنل ادارہ ہے جس نے کورونا جیسے معاشی بحران سے لے کر موجودہ مالی سال تک نہ صرف ٹیکس وصولی کے ہدف پورے کیے ہیں بلکہ زیادہ وصولیاں کر کے قومی خزانے میں محصولات جمع کروائے اور اب حکومتی احکامات کے مطابق یہ ادارہ اضافی 271 ارب روپے اکٹھا کرنے کے لیے بھی سرگرمِ عمل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں