حیدرآباد میں میچ کے دوران کوچ پر ’حملہ‘
پی سی بی کے تحت جاری ٹورنامنٹ میں من پسند کھلاڑی شامل نہ کئے جانے پر حملہ کیاگیا
سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں پی سی بی کے تحت جاری سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ٹورنامنٹ میں من پسند کھلاڑی شامل نہ کیے جانے پر دوران میچ کوچ پر حملہ کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیاز اسٹیڈیم میں دوران میچ کوچ پر حملہ کیا،مبینہ طور پر کوچ نے بھاگ کر اپنی جان بچائی، پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ کےدوسرے راؤنڈ میں میزبان ٹیم اور جامشورو کے درمیان پہلے روز کھیل کے دوران ایک درجن سے زائد افراد نے کوچ و سابق فرسٹ کلاس کرکٹر لعل کمار کا گھیراو کر لیا اور ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
بعد ازاں لعل کمار نے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت درج کرادی،سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن نے وقوعہ کے حوالے سے پی سی بی حکام کو تحریری طور پر مطلع کرتے ہوئے مناسب اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ مستقل میں ایسے واقعات سے بچاجاسکے۔