ورلڈ کپ سے قبل گرین شرٹس کیویزکے دیس بھی جائیں گے

سلیکشن معاملات کو کنٹرول نہیں کرنا چاہتا، تجاویز ہی دے سکتا ہوں،رمیز راجہ

ون ڈے کرکٹ میں مڈل آرڈر بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے، چیئرمین بورڈ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل گرین شرٹس کیویزکے دیس جائیں گے۔

آسٹریلیا میں رواں سال اکتوبر میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل میزبان نیوزی لینڈ، پاکستان اور بنگلہ دیش پر مشتمل سہ ملکی سیریز کا پلان بنایا گیا تھا، گرین شرٹس کی دیگر انٹرنیشنل مصروفیات کو دیکھتے ہوئے اس حوالے سے بات چیت جاری تھی۔

ویڈیو لنک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے تصدیق کی کہ پاکستان ٹیم کی سیریز میں شرکت کا حتمی فیصلہ ہوگیا ہے، انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ1992سے قبل بھی گرین شرٹس ایک ماہ قبل ہی آسٹریلیا پہنچ گئے تھے،مقامی ٹیموں سے میچز میں تیاری کا بھرپور موقع ملا،میں پی سی بی انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کے پیچھے پڑا ہوا تھا کہ ورلڈکپ سے قبل کم ازکم ٹیم کیلیے 6یا 7میچز کھیلنے کے مواقع تلاش کریں،نیوزی لینڈ کی پچز میں بھی باؤنس اور پیس ہوتا ہے،گرین شرٹس کو ورلڈکپ سے قبل وہاں میچز کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔


انھوں نے کہا کہ میں ون ڈے ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹنگ میں بہتری دیکھنا چاہتا ہوں، خواہش ہے کہ اس میں مزید آپشنز ہمارے پاس ہوں،خوشی کی بات ہے کہ اس وقت پاکستان کا فی اوور رن ریٹ 6کے قریب جو ماضی کی بانسبت کہیں بہتر ہے،گرین شرٹس 350کے اہداف حاصل کررہے ہیں، 300رنز بھی بنائے مگر میں نے بابر اعظم سے بھی کہا ہے کہ ہدف کے تعاقب میں ہم بہتر پلاننگ کرتے ہیں،پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مجھے بھی خوف آتا ہے کیونکہ بعض اوقات کھلبلی سی مچ جاتی ہے،اس پر دھیان دینا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہمیں پول بڑھانے خاص طور پر بیٹنگ پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے،میں سلیکشن معاملات کو کنٹرول نہیں کرنا چاہتا،البتہ تجاویز دے سکتا ہوں،کپتان کو میدان میں ٹیم لڑانا ہوتی ہے،اس کی رائے سب سے مقدم ہونی چاہیے۔

 
Load Next Story