سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ شروع

راولپنڈی میں تیاریوں کا سلسلہ ایک ہفتے تک جاری رہے گا،فواد عالم کل جوائن کریں گے


Sports Reporter June 26, 2022
پریکٹس کیلیے اسپن ٹریکس تیارکرلیے گئے،کوچز مڈل آرڈر کو مستحکم بنانے کیلیے فکرمند۔ فوٹو : انٹرنیٹ

لاہور: سری لنکن اسپن جادو کا توڑ تلاش کرنے کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ سری لنکا کے لیے تربیتی کیمپ راولپنڈی میں شروع ہوگیا۔

دورہ سری لنکا کی تیاریوں کیلیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی مشقوں کا آغاز ہوگیا ہے، منتخب کیمپ میں کپتان بابراعظم، امام الحق،عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، محمد نواز، سلمان علی آغا،سعود شکیل،سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نسیم شاہ،حارث رؤف، یاسر شاہ اور نعمان علی شامل ہیں۔

بیرون ملک مقیم مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم 27 جون کو جوائن کریں گے، کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف نائب کپتان محمد رضوان، اظہر علی اور شان مسعود تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کر رہے، یہ تمام کھلاڑی سری لنکا روانگی سے قبل قومی اسکواڈ کو لاہور میں جوائن کریں گے، اسلام آباد رپورٹ کرنے والے کرکٹرز اتوار کی صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گے۔

پہلا 2 روزہ وارم اپ میچ پیر کی صبح 9بجے شروع ہوگا،دوسرے روز بھی کھلاڑی شام 6بجے تک میچ پریکٹس کے موقع کا فائدہ اٹھائیں گے،29 جون آرام کا دن ہوگا، اگلے روز دوسرے وارم اپ میچ کے پہلے روز کا کھیل 9بجے شروع ہوگا،یکم جولائی کو میچ کا دوسرا روز ہوگا، پنڈی اسٹیڈیم کی صفائی، ستھرائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، سری لنکن کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پنڈی اسٹیڈیم میں خصوصی طور پر اسپن ٹریکس تیار کیے گئے ہیں،میزبان اسپنرز کا توڑتلاش کرنے کیلیے خصوصی مشقیں ہوں گی۔

آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں راولپنڈی کی پچ بیٹرز کے لیے جنت ثابت ہوئی تھی، کراچی میں بابر اعظم کی میراتھن اننگز اور عبداللہ شفیق کی مزاحمت سے پاکستان نے کینگروز کی یقینی فتح کو ٹال دیا تھا،لاہور میں مہمان ٹیم نے آخری روز بھرپور دباؤ کا شکار کرتے ہوئے فتح سمیٹی، اس سیریز میں پاکستان کی مڈل آرڈر مشکل وقت میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی تھی، راولپنڈی میں 7روزہ کیمپ کے دوران ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق، بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی معاونت سے اس مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔

کینگروز سے سیریز میں پاکستان کا اسپن اٹیک بھی ہوم کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا تھا، پہلے میچ میں نعمان علی کے ایک اسپیل کے سوا سلو بولرز میں کوئی کاٹ نظر نہیں آئی،فٹنس اور فارم کی بحالی کے بعد یاسر شاہ قومی ٹیم میں واپس آگئے ہیں، گذشتہ دورئہ سری لنکا میں انھوں نے سیریز میں 24شکار کیے تھے، نعمان علی کے ساتھ آل راؤنڈرز محمد نواز اورسلمان علی آغا بھی لیگ اسپنر کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صلاحیتیں نکھارنے کیلیے سرگرم ہوں گے۔

پیسرز شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی حریف ٹیم کی وکٹیں اڑاکر اسپنرز کی بھرپور معاونت کیلیے تیاریاں کریں گے، فیلڈنگ کی بھرپور مشقوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ابھی تک 55ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں،ان میں گرین کیپس نے 20 اورآئی لینڈرز نے 16 جیتے، 19مقابلے ڈرا ہوئے۔

سری لنکا میں پاکستان نے 23میچز میں 8فتوحات حاصل کیں،7میں شکست ہوئی، 8 مقابلے نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے، 2015کے گذشتہ دورئہ سری لنکا میں گرین کیپس نے سیریز 2-1سے اپنے نام کرلی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |