وزیراعظم کا نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار بحال کرنے کا فیصلہ

ملکی معیشت کی بحالی کے لیے امن و امان کا یقینی ہونا بنیادی تقاضا ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا (فوٹو فائل)

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو ایک بار پھر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ملک بھر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر حال میں عوام کا تحفظ یقینی بنائیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں عوام کی رائے صرف کارکردگی سے ہی بدل سکتی ہے۔


میاں شہباز شریف کو دہشت گردی کے خاتمے اور اس ضمن میں لاحق خطرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سدباب کے اقدامات اور قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیٹف شرائط کی تکمیل کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے تک ہم ملک کر جدوجہد کرتے رہیں گے۔

نیشنل ایکشن پلان پر صوبوں کے کردار کو بحال کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار سال میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع ہر حال میں یقینی بنائیں گے، پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لئے امن وامان کا یقینی ہونا ایک بنیادی تقاضا ہے۔
Load Next Story