عدنان سمیع نے خود کو حیران کن حد تک تبدیل کرلیا
بھارتی گلوکار کی ظاہری تبدیلی دیکھ کر کئی مداحوں نے انہیں پہچاننے سے انکار کردیا
لاہور:
بھارت کے معروف گلوکار عدنان سمیع نے اپنا وزن حیران کن حد تک کم کرکے مداحوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عدنان سمیع ان دنوں چھٹیاں گزارنے اپنی فیملی کے ہمراہ مالدیپ گئے ہوئے ہیں جہاں انہوں ںے سیر وتفریح کرتے ہوئے مختلف تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلوکار نے خود کو حیران کن حد تک تبدیل کرلیا ہے جس کی وجہ سے کئی پرستاروں نے انہیں پہچاننے سے انکار کردیا اور تصویر کے کومنٹ باکس میں لکھا کہ ''آپ عدنان سمیع نہیں کوئی اور ہیں''۔
عدنان ماضی میں اپنے بھاری وزن اور موٹاپے کی وجہ سے پریشان رہتے تھے بعد ازاں انہوں نے اپنے جسم پر کام کرنا شروع کیا اور محنت سے 155 کلو تک وزن کم کیا۔
گلوکار کی حالیہ ظاہری تبدیلی میں مزید بہتری آئی ہے اور وہ ایک کم عمر نوجوان لگ رہے ہیں۔