17جولائی کے ضمنی الیکشن میں اگر دھاندلی ہوئی تو خون خرابا ہوگا شیخ رشید
لاہور اور فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں بہتر انتظامات ہونے چاہیے، سابق وزیر داخلہ
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر دھاندلی ہوتی رہی تو پاکستان میں انارکی پھیلے گی اور 17 جولائی کو بھی اگر پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ایسا ہوا تو خون خرابا ہوگا۔
اسلام آباد کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ لاہور اور فیصل آباد کے ضمنی انتخاب میں بہتر انتظامات ہونے چاہیے کیونکہ کل بھی سندھ میں انتخابات کے دوران دو افراد انتقال کر گئے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کہا کہ کل سندھ کے انتخابات میں بیلٹ باکسوں کو اٹھا کر لے کر گئے جبکہ نواب شاہ میں پریزائیڈنگ افسران کو بھی اٹھا کر لے گئے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہ اکہ عالمی سازش سے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لایا گیا لیکن عمران خان کی سیاست عدم اعتماد تحریک اور سازش سے بڑی ہے۔ اس وقت 13 رکنی سازشی اتحاد حکومت میں ہے۔
اس سے قبل، پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے معاملے پر اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے شیخ رشید، شہریار آفریدی اور خرم نواز کی ضمانت منظور کی۔
سیشن جج کامران بشارت مفتی نے سماعت کی، ملزمان کی درخواست ضمانت پانچ پانچ ہزار روپے مچلکوں پر منظور کی گئی۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران تھانہ کوہسار میں ملزمان پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔