پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 5 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم

الیکشن کمیشن صوبائی اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری نہ کرکے قوانین کی خلاف وزری کررہا ہے، درخواست


ویب ڈیسک June 27, 2022
پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی زینب عمیر کی درخواست پر سماعت جسٹس شاہد وحید نے کی۔(فوٹو فائل)

عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں کا نوٹی فکیشن نہ کرنے کے خلاف درخواستیں لاہور ہائی کورٹ نے منظور کرلیں۔ پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی زینب عمیر کی درخواست پر سماعت جسٹس شاہد وحید نے کی۔

عدالت میں سماعت کے دوران پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل علی ظفر، الیکشن کمیشن کی جانب سے وکیل بیرسٹر حارث عظمت اور ن لیگ کی طرف سے خالد اسحاق ایڈووکیٹ نے دلائل دیے جب کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن قانون کے تحت خالی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی خواتین ہی منتخب ہو سکتی ہیں۔ ان سیٹوں پر پی ٹی آئی کی خواتین کی تعیناتی نہیں کی جا رہی، لہٰذا عدالت الیکشن کمیشن کو ممبران پنجاب اسمبلی کی تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ عدالت میں درخواستوں پر وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے داخل کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواستیں قابل سماعت نہیں ہیں۔ عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوے معاونت کے لیے طلب کرلیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری نہ کرکے قوانین کی خلاف وزری کررہا ہے۔ عدالت الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے ۔

لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں