خالد مقبول اپنے اِردگِرد والوں کو دیکھیں میں تو ان کا سچا دوست ہوں فاروق ستار

الیکشن ایم کیو ایم کے دھڑوں کے لیے ایک ہونے کا موقع ہے، میڈیا سے گفت گو


ویب ڈیسک June 27, 2022
جاگیرداروں، وڈیروں سے نمٹنے کیلیے الیکشن میں کھڑا ہو رہا ہوں، سابق رکن قومی اسمبلی

سابق رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے کہا ہے کہ خالد مقبول اپنے اِرد گِرد والوں کو دیکھیں، میں تو ان کا سچا دوست اور تحریک کا حق پرست نمائندہ ہوں۔ میرا اوڑھنا بچھونا ایم کیو ایم ہے۔

کراچی کے حلقہ این اے 245 میں ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر الیکشن کمیشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ میرے کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔ میں جاگیر داروں، وڈیروں سے نمٹنے کے لیے الیکشن میں کھڑا ہو رہا ہوں۔

فاروق ستار نے کہا کہ مجھ پر تنقید کرنے والوں نے چار چار سال تک پی ٹی آئی والوں سے نکاح کرکے وزارتوں کے مزے لیے، مجھ پر تنقید کرنے والے پہلے خود کو دیکھیں وہ کس کے وزیر ہیں ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ میں تحریک ایم کیو ایم کا حق پرست نمائندہ ہوں اور میرا اوڑھنا بچھونا ایم کیو ایم ہے۔

صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے آج تک کراچی کے شہریوں کو پانی کا ایک قطرہ تک نہیں دیا۔ ایم کیو ایم کی تمام شاخوں کو اب ایک ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ایم کیو ایم کے دھڑوں کے لیے ایک ہونے کا موقع ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اٹھارہویں ترمیم کا رونا نہیں رونا ہے۔ کراچی میں سیوریج نظام تباہ ہے، ٹرانسپورٹ موجود نہیں۔ مہاجر اور سندھی کارڈ استعمال کرنے والوں کو بھی میں نہیں چھوڑوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں