کراچی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج ماری پور روڈ ٹریفک کیلیے بند

ہجرت کالونی اور سلطان آباد کے مکینوں نے سڑکیں بلاک کردیں، ایف سی ایریا میں کے الیکٹرک کے دفتر پر پتھراؤ

پی آئی ڈی سی پل، ایم ٹی خان روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا (فوٹو فائل)

ISLAMABAD:
شہر قائد میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف علاقوں میں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ مشتعل افراد نے احتجاج کے دوران راستے بند کردیے، جس کے نتیجے میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 10 سے 14 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف ہجرت کالونی اور سلطان آباد کے مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مشتعل افراد نے ماری پور روڈ کے دونوں ٹریک، پی آئی ڈی سی پل ایم ٹی خان روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے نتیجے میں گاڑیاں طویل ٹریفک جام میں پھنس گئیں۔


مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں، جس کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پر بھی بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ سارا دن ، ساری رات بجلی بند رہتی ہے، جس کی وجہ سے نظام زندگی تباہ ہوگیا ہے۔ مظٓ احتجاج کے موقع پر قانون نافذ والے اداروں کے اہل کاروں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ٹریفک کو متبادل روٹ کی جانب جاری رکھنے کی کوشش کی۔

قبل ازیں گزشتہ شب ایف سی ایریا میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا اور کے الیکٹرک کو دفتر پر پتھراؤ اور نعرے بازی کی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شکایات کے اندراج کے لیے آئیں تو کے الیکٹرک کا عملہ دستیاب نہیں ہوتا۔

مشتعل افراد کو مزید ہنگامہ آرائی سے روکنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں نے لاٹھی چارج کرکے منتشر کیا۔
Load Next Story